🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

حافظ ابو سمیعہ محمود تبسم حفظہ اللہ
فائدہ: یعنی گھبرانے کی ضرورت نہیں، تم نے میرے بغیر ہی نماز کو وقت میں شروع کر کے درست...
فائدہ: یعنی گھبرانے کی ضرورت نہیں، تم نے میرے بغیر ہی نماز کو وقت میں شروع کر کے درست کام ہی کیا ہے۔ یہ نماز فجر تھی، بعض روایات میں ہے کہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کافی دیر انتظار کرتے رہے تھے، پھر نماز کے قضا ہو جانے کے خوف سے، کافی روشنی پھیل جانے کے بعد وہ نماز کے لیے کھڑے ہو گئے۔ [ابن سعد، زرقاني] اس حدیثِ مبارکہ سے ثابت ہوا کہ کسی شاگرد وغیرہ کو اپنی خدمت کے لیے ساتھ رکھا جاسکتا ہے، بول و براز کا غلبہ ہو تو اُن سے فارغ ہو کر ہی نماز ادا کرنا چاہیے، تنگ کفوں والا جبہ اور قمیض پہنا جائز تو ہے لیکن اس کے کہنیوں سے اوپر نہ جانے کا بہانہ کر کے تیمّم کرتا جائز نہیں، مفضول یعنی کم فضیلت والے کے پیچھے افضل کی نماز ہو سکتی ہے، شاگردوں اور ساتھیوں کے دینی اجتہاد اور نیک جستجو پر ان کی حوصلہ افزائی کرنا چاہیے اور ان کی گھبراہٹ و بے چینی کا ازالہ کرنا سنتِ نبوی ہے، یہ حدیث حضرت مغیرہ بن شعبہ رضی اللہ عنہ کی شان و فضیلت بھی واضح کر رہی ہے، جنھیں خادم رسول ہونے کا اعزاز حاصل ہوا اور حضرت عبد الرحمٰن بن عوف رضی اللہ عنہ کا مقام و مرتبہ بھی واضح ہو رہا ہے، جن کو رسول اللہ علم کی امامت کا شرف نصیب ہوا، یہی شرف حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ کے نصیب میں بھی آیا، چنانچہ ایک دفعہ تو ابو بکر رضی اللہ عنہ امامت چھوڑ کر پیچھے آ گئے تھے اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جائے نماز پر پہنچ کر امامت کرانے لگے تھے، اُس وقت آپ صلی اللہ علیہ وسلم قبا میں بنو عمرو بن عوف کے لوگوں کی صلح کراتے ہوئے لیٹ ہو گئے تھے۔ [بخاري: 684، مسلم: 421] ، مرض الوفات میں ایک موقع پر آپ صلی اللہ علیہ وسلم ابو بکر رضی اللہ عنہ کے بائیں جانب امام کے طور پر بیٹھ کر نماز میں شامل ہوئے۔ [بخاري: 683، مسلم: 418] اور ایک دفعہ ابو بکر رضی اللہ عنہ کے پیچھے بیٹھ کر نماز ادا کی۔ [ترمذي: 362، نسائي: 787 - اس كي سند صحيح هے] اور حضرت انس رضی اللہ عنہ اس کے متعلق کہتے ہیں کہ لوگوں کے ہمراہ رسول اللہ صلى الله عليه وسلم کی یہ آخری نماز تھی اور آپ ایک ہی چادر کو جسم مبارک پر لپٹیے ہوئے تھے۔ [نسائي: 786، ترمذي 363] 7 نوٹ: 7 اگرچہ یہ حدیث صحیح ترین سندوں سے ثابت ہے لیکن موطا کی سند میں امام مالک رحمہ اللہ کو دو وہم لاحق ہوئے ہیں: ➊ ایک یہ کہ انھوں نے عباد بن زیاد رحمہ اللہ کو مغیرہ رضی اللہ عنہ کی اولاد میں شمار کیا ہے، حالانکہ یہ غلط ہے کیونکہ وہ ان کے غلام تھے اور ان کی اولاد میں سے نہ تھے بلکہ بعض محدثین کی تحقیق کے مطابق عباد رحمہ اللہ کا مغیرہ رضی اللہ عنہ سے نہ تو سماع ثابت ہے اور نہ رؤیت اور ➋ دوسرا یہ کہ عباد رحمہ اللہ اور مغیرہ رضی اللہ عنہ کے درمیان کا راوی حذف ہو گیا ہے اور وہ عروہ بن مغیرہ رحمہ اللہ ہے، بعض سندوں میں عروہ رحمہ اللہ کا بھائی حمزہ بن مغیرہ رحمہ اللہ بھی ساتھ مذکور ہے۔ .... ذرا غور کیجیے کہ موطا کی سند میں عباد رحمہ اللہ کے والد کا نام زیاد بڑی وضاحت کے ساتھ لکھا گیا ہے یعنی عباد بن زیاد، لیکن اس کے باوجود بعد میں «عن ابيه المغير» کہا گیا۔ الغرض اصل سند یوں ہے: [عباد بن زياد، عن عروة بن المغيرة، عن ابيه المغيرة بن شعبة]
موطا امام مالک از ابو سمیعہ محمود تبسم 70