🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

حافظ عمران ایوب لاہوری حفظہ اللہ
کیا مکروہ اوقات سے مسجد حرام مستثنٰی ہے؟ جس حدیث سے ثابت کیا جاتا ہے کہ گذشتہ ذکر کردہ...
کیا مکروہ اوقات سے مسجد حرام مستثنٰی ہے؟
جس حدیث سے ثابت کیا جاتا ہے کہ گذشتہ ذکر کردہ تین مکروہ اوقات سے مسجد حرام مستثنی ہے وہ یہ ہے:
حضرت جبیر بن مطعم رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلى الله عليه وسلم نے فرمایا: «يا بـنـي عبد مناف لا تمنعوا أحدا طاف بهذا البيت وصلى أية ساعة شاء من ليل أو نهار» ”اے عبد مناف کی اولاد! بیت اللہ کا طواف کرنے والے کسی شخص کو منع نہ کرو اور نہ کسی نماز پڑھنے والے کو (نماز پڑھنے سے) خواہ وہ شب و روز کی کسی گھڑی میں یہ کام کرے۔“
[صحيح: صحيح ترمذى 688، أبو داود 1894، كتاب المناسك: باب الطواف بعد العصر، ترمذي 868، نسائي 2924، ابن ماجة 1254، بيهقى 461/2، أحمد 80/4]
(احمدؒ، شافعیؒ، اسحاقؒ، طحاویؒ) مکہ میں مکروہ اوقات میں بھی نماز و طواف جائز ہے۔
(صدیق حسن خانؒ) اسی کے قائل ہیں۔
(عبدالرحمن مبارکپوریؒ) یہی موقف رکھتے ہیں۔
(جمہور) کراہت کی جانب کو ترجیح دیتے ہوئے ممانعت کی احادیث پر عمل کرتے ہیں۔
(ابوحنیفہؒ، محمدؒ، ابو یوسفؒ) اسی کے قائل ہیں۔ [تحفة الأحوذى 714/3 - 710، الروضة الندية 212/1، سبل السلام 238/1]
(نوویؒ) امت کا اجماع ہے کہ عصر کے بعد ممنوع اوقات میں ایسی نماز جس کا کوئی سبب نہ ہو مکروہ ہے اور اس پر بھی امت کا اتفاق ہے کہ ان اوقات میں فرائض کی ادائیگی جائز ہے لیکن ایسے نوافل کی ادائیگی میں اختلاف ہے جن کا کوئی سبب ہو مثلاً تحیتہ المسجد، سجود التلاوہ، سجدہ شکر، نماز عید نماز کسوف اور نماز جنازہ وغیرہ۔ [شرح مسلم للنووى 274/3]
(محمد صبحی حسن حلاق) اس حدیث میں مذکورہ (مکروہ) اوقات میں نماز کے جواز کا ثبوت نہیں ہے بلکہ اس میں تو عبد مناف کی اولاد کو صرف اتنا حکم ہے کہ وہ کسی بھی وقت بیت اللہ کا طواف یا نماز پڑھنے والے کو منع نہ کریں۔
[التعليق على الروضة الندية 212/1]
(البانیؒ) اسی کے قائل ہیں اور مزید فرماتے ہیں کہ اس حدیث سے یہ نہ سمجھا جائے کہ ان اوقات میں (نماز سے) ممانعت بیت اللہ کے علاوہ ہے۔ [التعليقات الرضية على الروضة الندية 241/1]
(راجح) شیخ البانیؒ کا قول ہی رائج معلوم ہوتا ہے۔ «والله اعلم»
فقہ الحدیث، جلد اول 320