🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ محمد فاروق رفیع حفظہ اللہ
فوائد:
➊ شروع اسلام میں غسل جنابت کی فرضیت کے لیے خروجِ منی شرط تھا۔
یعنی جب تک انزال نہ ہوتا، غسل جنابت فرض نہ ہوتا اور انزالِ منی کے بعد غسل فرض ہو جاتا تھا۔
پھر اس رخصت کو ختم کر دیا گیا اور یہ عمل منسوخ ہو گیا، لہٰذا فقط شرمگاہوں کے ملاپ ہی سے غسل واجب ہو جاتا ہے۔
خواہ منی کا خروج ہو یا نہ ہو۔
➋ علماء بیان کرتے ہیں کہ اب اس حدیث، شرمگاہوں کے ملاپ سے غسل واجب ہو جاتا ہے، پر عمل ہے اور جمہور صحابہ رضوان اللہ علیہم اجمعین اور جمہور علماء کا موقف ہے کہ حدیث ”پانی پانی سے ہے“ منسوخ ہو چکی ہے اور وہ نسخ سے مراد یہ لیتے ہیں کہ بلا انزال جماع سے غسل ساقط تھا پھر واجب ٹھہرا۔ [نووی: 35/4]
➌ ◈ امام نووی رحمہ اللہ کہتے ہیں:
”جماع کی صورت میں غسل کا واجب ہونا خروجِ منی پر موقوف نہیں ہے۔
بلکہ حشفہ کے دخول سے مرد و عورت دونوں پر غسل واجب ہو جاتا ہے، اس وقت اس مسئلہ میں کوئی اختلاف نہیں ہے، البتہ صحابہ اور تابعین میں اس مسئلہ میں اختلاف تھا، پھر اس مسئلہ پر علماء کا اجماع منعقد ہوا ہے۔“ [نووی: 39/4]
➍ ◈ شوکانی رحمہ اللہ رقمطراز ہیں:
”جماع کی صورت میں غسل کا واجب ہونا انزالِ منی پر موقوف نہیں بلکہ فقط شرمگاہ میں حشفہ داخل ہونے یا شرمگاہوں کے ملاپ ہی سے غسل واجب ہو جاتا ہے۔
خلفائے راشدین، عشرہ مبشرہ جمیع، فقہاء اور جمہور صحابہ و تابعین اور جمہور علماء کا یہی مذہب ہے۔“ [نیل الأوطار: 238/1]
صحیح ابن خزیمہ شرح از محمد فاروق رفیع 227