🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ محمد فاروق رفیع حفظہ اللہ
فوائد:
➊ ان احادیث میں اس امت کے دیگر خصائص کے ساتھ اس خاصہ کا بیان ہے کہ اللہ تعالیٰ نے اس امت کے لیے تمام زمین کو مسجد قرار دیا ہے اور تمام روئے زمین کو اس امت کی پاکی کا باعث بنایا ہے۔
چنانچہ پانی کی عدم دستیابی کی صورت میں وجہ الارض (زمین کے ظاہر حصے) سے تیمم کر کے طہارت حاصل کی جا سکتی ہے۔
➋ ◈ حافظ ابن حجر رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں: یہاں مٹی طہور ہے سے مراد مطہر (یعنی پاک کرنے والی) ہے کیونکہ اگر طہور کا معنی صرف پاک لیا جائے تو اس امت کی خاصیت ثابت نہیں ہوتی (کیونکہ زمین تمام امتوں کے لیے پاک تھی، لیکن پاک کرنے والی نہیں تھی)۔
پھر ان احادیث سے استدلال کیا گیا ہے کہ تیمم پانی کی طرح حدث دور کر دیتا ہے کیونکہ پاکی کے وصف میں یہ دونوں مشترک ہیں، نیز ان روایات سے یہ بھی استدلال کیا گیا ہے کہ زمین کے تمام اجزاء سے تیمم کرنا جائز ہے۔ [فتح الباري: 567/1]
➌ کیا صرف مٹی سے تیمم جائز ہے یا زمین کے تمام اجزاء، مٹی، پتھر اور زمین کے دیگر اجزاء سے تیمم جائز ہے، اس بارے میں علماء کا اختلاف ہے لیکن راجح قول کے مطابق زمین کے تمام اجزاء سے تیمم کرنا جائز ہے۔
کیونکہ قرآن حکیم میں پانی کی عدم دستیابی کی صورت میں ﴿صَعِيدًا طَيِّبًا﴾ ”پاک مٹی (صعید)“ سے تیمم کرنے کا حکم ہے [سورة النساء: 43] ۔
صعید کی تعیین میں اہل لغت کے اقوال پیش خدمت ہیں، جس سے صعید کا اطلاق وجہ الارض، زمین کے ظاہر حصے (مٹی، پتھر، چونا، غرض جو بھی چیز زمین کا ظاہر حصہ ہے) پر ہوتا ہے۔
➊ قاموس میں ہے کہ صعید کا معنی مٹی یا وجہ الارض (زمین کا ظاہر حصہ) ہے۔
➋ مصباح میں ہے کہ صعید سے مقصود وجہ الارض ہے خواہ وہ مٹی ہو یا زمین کا کوئی اور جز۔
◈ زجاج کہتے ہیں: اس مفہوم میں اہل لغت کے درمیان کوئی اختلاف نہیں ہے۔
➌ ◈ ازہری رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں: اللہ تعالیٰ کے فرمان ﴿صَعِيدًا طَيِّبًا﴾ [سورة النساء: 43] میں صعید سے مراد مٹی ہے اور معالی کی کتاب فقہ اللغۃ میں صعید کا معنی زمین کے ظاہر حصہ کی مٹی درج ہے۔
➍ مصباح میں ہے کہ کلام عرب میں لفظ صعید کا اطلاق کئی معنوں پر ہوتا ہے: ➊ زمین کے ظاہر حصہ کی مٹی، ➋ وجہ الارض (زمین کا ظاہر حصہ) اور ➌ راستے پر ہوتا ہے۔
نیز امام مالک، ابوحنیفہ، عطاء، اوزاعی اور سفیان ثوری رحمہم اللہ کا مذہب ہے کہ زمین اور زمین کے ظاہر اجزاء سے تیمم کرنا جائز ہے۔ [نيل الأوطار: 281/1]
یہی موقف راجح ہے۔
صحیح ابن خزیمہ شرح از محمد فاروق رفیع 265