🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ صفی الرحمن مبارکپوری رحمہ اللہ
� لغوی تشریح : «تَحُتُّهُ» ”تا“ کے فتحہ، ”حا“ کے ضمہ اور دوسری ”تا“ کی تشدید اور ضمہ کے ساتھ۔...
� لغوی تشریح:
«تَحُتُّهُ» ”تا“ کے فتحہ، ”حا“ کے ضمہ اور دوسری ”تا“ کی تشدید اور ضمہ کے ساتھ۔ باب «نَصَرَ يَنْصُرُ» سے صیغہ واحد مؤنث غائب ہے۔ «حُتّ» سے ماخوذ ہے جس کے معنی مَلنے اور کھرچنے کے ہیں۔ اس سے مراد کپڑے پر لگے ہوئے خون کو اچھی طرح مَل کر اور کھرچ کر دور کرنا ہے۔ ”ھـ“ ضمیر منصوب «دَم» کی جانب راجع ہے۔
«ثُمَّ تَقْرُصُهُ» اس میں ”ھـ“ ضمیر کپڑے کی طرف راجع ہے۔ «تَقْرُصُهُ» کی را پر ضمہ ہے اور باب «نَصَرَ يَنْصُرُ» سے ہے۔ اس سے مراد ہے کہ کپڑے کو اپنے ہاتھ کی انگلیوں کے پوروں سے خوب مل کر دھویا جائے، یعنی عورت اس کپڑے پر پانی ڈال کر اچھی طرح بھگو کر تر کر لے، پھر اپنے ہاتھ کی انگلیوں کے اطراف کے ساتھ اچھی طرح مل کر دھوئے تاکہ خون کا جتنا حصہ کپڑے میں جذب ہو چکا تھا، وہ اس سے خارج ہو جائے۔
«ثُمَّ تَنْضَحُهُ» ”ضاد“ پر فتحہ ہے اور اسے کسرہ دینا بھی جائز ہے۔
«فَتَحَ يَفْتَحُ» اور «ضَرَبَ يَضْرِبُ» دونوں طرح درست ہے۔ معنی یہ ہوئے کہ آخر میں اس پر اچھی طرح پانی بہا کر دھو لے۔

فوائد و مسائل:
➊ خون کو اولاً خوب رگڑنے کا حکم ہے تاکہ پانی کے اس میں سرایت کرنے کا راستہ بن سکے، پھر اسے دھونے کا حکم ہے تاکہ خون کا اثر زائل ہو جائے۔ محض دھونے سے ایسی صفائی حاصل ہونا مشکل تھی۔
➋ «نضح» کے لغوی معنی چھینٹے مارنے کے ہیں لیکن اگر پانی سے مل کر دھونے کے بعد وہ کپڑا مشکوک ہے تو محض چھینٹے مار لینا غیر مفید ہے، اس لیے کہ کپڑا اگر پاک ہے تو چھینٹے مارنے کی ضرورت ہی نہیں ہے اور اگر کپڑا پاک نہیں ہے تو صرف چھینٹے مارنے سے کپڑا پاک نہیں ہو گا، اس لیے اس مقام پر موقع کی مناسبت سے «نضح» کے معنی غسل (دھونا) کیے گئے ہیں جیسا کہ امام بخاری رحمہ اللہ نے ترجمۃ الباب میں غسل کا ذکر کیا ہے اور اس کے تحت جو حدیث نقل کی ہے وہ «نضح» اور غسل دونوں پر حاوی ہے۔ پس یہ حدیث ہی «نضح» کے معنی غسل کے لینے کی واضح دلیل ہے۔
➌ خون حیض رگڑنے اور مَل کر دھونے کے باوجود اپنے اثرات اور نشانات باقی چھوڑے تو اس میں کوئی مضائقہ اور حرج نہیں۔ ایسے کپڑوں میں نماز پڑھی جا سکتی ہے جیسا کہ آنے والی حدیث اس کی تائید کرتی ہے۔

راوی حدیث:
سیدہ اسماء بنت ابی بکر رضی اللہ عنہا سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا زوجہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم کی بڑی بہن ہیں۔ سیدنا عبداللہ بن زبیر رضی اللہ عنہما کی والدہ تھیں۔ مکہ میں ایمان لانے والے قدیم الاسلام مسلمانوں میں سے تھیں۔ مدینہ منورہ کی طرف ہجرت کی۔ 73 ہجری میں اپنے بیٹے سیدنا عبداللہ رضی اللہ عنہ کے قتل کیے جانے کے تقریباً ایک ماہ بعد مکہ مکرمہ میں وفات پائی۔ اس وقت ان کی عمر تقریباً سو برس تھی۔ ایسی پیرانہ سالی کے باوجود ان کا کوئی دانت گرا نہ عقل میں کسی قسم کا کوئی تغیر پیدا ہوا۔
بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری 27