🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ عبدالسلام بن محمد حفظہ اللہ
تخریج : [بخاري 3118] ، [تحفة الاشراف 300/11] مفردات : «يَتَخَوَّضُوْنَ – خَاضَ يَخُوْضُ» کا اصل معنی پانی میں...
تخریج:
[بخاري 3118] ،
[تحفة الاشراف 300/11]
مفردات:
«يَتَخَوَّضُوْنَ – خَاضَ يَخُوْضُ» کا اصل معنی پانی میں داخل ہونا ہے پھر یہ لفظ کسی بھی کام میں دخل دینے اور اس میں اپنی مرضی کرنے کے معنی میں استعمال ہوتا ہے۔

فوائد:
اللہ کے مال میں ناحق دخل اندازی کی صورتیں:
اللہ کے مال سے مراد مال غنیمت ہے بیت المال کے دوسرے اموال مثلاً زکوٰة، خراج وغیرہ بھی اس میں شامل ہیں۔ ان میں نہ امیر کو ناحق دخل اندازی جائز ہے نہ رعایا کو۔ امیر کی ناحق دخل اندازی کا مطلب یہ ہے کہ وہ اسے اللہ کا مال سمجھ کر اللہ ہی کی بتائی جگہوں پر عدل و انصاف کے ساتھ خرچ کرنے کی بجائے اپنا زاتی مال سمجھ کر اپنی مرضی اور خواہش نفس کے مطابق خرچ کرے یا اپنی جائیداد بنانی شروع کر دے مال غنیمت کے پانچ حصوں میں چار حصے مجاہدین میں تقسیم نہ کرے۔ خمس کو اللہ اور اس کے رسول کی بتائی ہوئی جگہوں پر خرچ نہ کرے، زکوة کو اس کی مدوں میں صرف نہ کرے، حقداروں میں تقسیم کرنے کی بجاۓ خویش پروری اور اقرباء نوازی کرے۔ ایسا کرنے والے کے لیے ان کی وعید ہے۔ رعایا کی ناحق دخل اندازی کی ایک صورت یہ ہے کہ مال غنیمت تقسیم ہونے سے پہلے اس میں سے کوئی چیز لے لے یا مسلمانوں کے مال سے کوئی چیز امیر کی اجازت کے بغیر لے لے۔
ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ ایک آدمی نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو ایک غلام جس کا نام مدعم تھا بطور ہدیہ دیا۔ ایک دفعہ مدعم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے اونٹ کا پالان اتار رہا تھا کہ اچانک ایک نامعلوم تیر آیا جس نے اسے قتل کر دیا۔ لوگ کہنے لگے: اسے جنت مبارک ہو۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”ہرگز نہیں، اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے وہ چادر جو اس نے خیبر کے دن غنیمت کی اشیاء میں سے، تقسیم سے پہلے اٹھائی تھی آگ بن کر اس پر شعلے مار رہی ہے۔“ لوگوں نے یہ سنا تو ایک آدمی ایک یا دو تسمے لے کر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آیا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”یہ ایک یا دو تسمے آگ کے ہیں۔“ [متفق عليه مشكٰوة باب قسمة الغنائم ]
علاوہ ازیں اللہ تعالیٰ نے ہر انسان کو جو مال دیا ہے وہ بھی درحقیقت اللہ کا مال ہے، انسان اس کا امین ہے اور صرف ان جگہوں سے لینے کا اور اپنی جگہوں پر خرچ کرنے کا پابند ہے جہاں اللہ کا حکم ہے:
«إِنَّ اللَّـهَ اشْتَرَىٰ مِنَ الْمُؤْمِنِينَ أَنفُسَهُمْ وَأَمْوَالَهُم بِأَنَّ لَهُمُ الْجَنَّةَ» [9-التوبة:111]
”اللہ نے مومنوں سے ان کی جانیں اور ان کے مال جنت کے بدلے خرید لیے ہیں۔“
اب اگر وہ مال کمانے یا اسے خرچ کرنے میں اللہ کی مرضی کی بجائے اپنی مرضی کرے گا تو اس کا انجام بھی آگ ہے۔



شرح بلوغ المرام من ادلۃ الاحکام کتاب الجامع 180