🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ محمد فاروق رفیع حفظہ اللہ
فوائد:
➊ ◈ امام نووی رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ ایک روایت میں ہے کہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے کہا کہ سورج گرہن نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے فرزندِ ارجمند ابراہیم کی وفات کی وجہ سے ہوا ہے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ ارشاد فرمایا کہ سورج اور چاند اللہ تعالیٰ کی دو نشانیاں ہیں۔
یہ کسی کی موت و حیات پر گرہن نہیں ہوتے، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ ان کے اس نظریے کی تردید کے طور پر فرمایا۔
علماء بیان کرتے ہیں کہ اس فرمانِ نبوی کی حکمت یہ ہے کہ بعض گمراہ قسم کے اہل جاہلیت سورج اور چاند کی تعظیم کرتے تھے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے وضاحت فرما دی کہ یہ دونوں اللہ تعالیٰ کی دو نشانیاں اور مخلوق ہیں۔
یہ صانع نہیں بلکہ باقی مخلوقات کی طرح ہیں اور دیگر مخلوقات کی مثل ان میں بھی نقص اور تغیر واقع ہوتا ہے۔
اور بعض گمراہ نجومی یہ اعتقاد رکھتے تھے کہ سورج اور چاند کو کسی عظیم شخص کی موت کی وجہ سے گرہن لگتا ہے، سو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس اعتقاد کو بھی باطل قرار دیا۔
(کہ کسی عظیم انسان کی موت کی وجہ سے سورج اور چاند گرہن نہیں لگتے بلکہ اللہ تعالیٰ گرہن کی وجہ سے انسانوں کو ڈرانا چاہتے ہیں۔) [شرح النووي: 200/6]
➋ سورج اور چاند گرہن کے وقت کثرت سے ذکر و دعا کرنی چاہیے اور اپنے گناہوں کی معافی مانگنی چاہیے اور استغفار کرنا چاہیے۔
نیز نمازِ کسوف کا اہتمام کرنا چاہیے اور یہ سلسلہ اس وقت تک جاری رکھنا چاہیے جب تک گرہن ختم نہیں ہوتا۔
صحیح ابن خزیمہ شرح از محمد فاروق رفیع 1371