🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ محمد فاروق رفیع حفظہ اللہ
فوائد:
➊ (احادیثِ الباب دلیل ہیں کہ) نبی صلی اللہ علیہ وسلم پر صدقہ حرام ہے اور آلِ محمد صلی اللہ علیہ وسلم بھی اس حرمت میں شامل ہیں۔
➋ آلِ محمد صلی اللہ علیہ وسلم سے مراد کون ہیں؟ اس بارے میں علما کا اختلاف ہے۔ راجح مذہب کے مطابق آلِ بنو ہاشم اور بنو مطلب ہیں۔ اس کی دلیل کتاب الجہاد کے آخر میں ابواب الخمس میں آئے گی۔
◈ شافعی رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں: نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے مال غنیمت کے ذوی القربیٰ کے حصہ میں انہی دو قبائل کو شامل کیا تھا اور قبائل قریش میں سے ان کے علاوہ کسی اور کو اس حصہ میں شریک نہ کیا اور مال غنیمت سے اس عطا کے عوض کے طور پر یہ عام زکوٰۃ و خیرات سے محروم کر دیے گئے ہیں۔ [فتح الباري: 114/5]
➌ نبی صلی اللہ علیہ وسلم اور آپ کی آل پر صدقہ فطر، زکوٰۃ اور وہ صدقہ جو فقرا و مساکین پر خرچ کیا جاتا ہے، حرام ہے۔ اس کے علاوہ ”کل معروف صدقہ“ کے تحت ان پر نیکی کرنا، انہیں ہدیہ دینا اور خاوند کا بیوی، بیوی کا خاوند اور سربراہ کا اپنی اولاد پر خرچ کرنا صدقہ ہی ہے اور آلِ نبی صلی اللہ علیہ وسلم اس صدقہ سے محروم نہیں ہیں۔
صحیح ابن خزیمہ شرح از محمد فاروق رفیع 2352