🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ صفی الرحمن مبارکپوری رحمہ اللہ
� لغوی تشریح : «قُلَّتَيْنِ» «قلته» قاف کے پیش اور لام کی تشدید کے ساتھ ہے۔ مٹی کے بنی ہوئے...
� لغوی تشریح:
«قُلَّتَيْنِ» «قلته» قاف کے پیش اور لام کی تشدید کے ساتھ ہے۔ مٹی کے بنی ہوئے بڑے مٹکے کو کہتے ہیں۔ اس کے چھوٹے اور بڑے ہونے کی وجہ سے اس کی مقدار میں اگرچہ اختلاف رائے واقع ہوا ہے لیکن چونکہ عرب میں ”ہجر“ (ایک بستی کا نام) کے مٹکے مشہور و معروف تھے، نیز ان کے اشعار اور امثال میں بھی بکثرت اس کا استعمال ہوا ہے، اس وجہ سے یہ متعین ہو جاتا ہے کہ حدیث میں بیان شدہ مٹکے سے مراد یہی ہجر بستی کا مٹکا ہے، کوئی اور مٹکا نہیں۔ اور ان کے مٹکے میں اڑھائی سو رطل پانی کے سمانے کی گنجائش تھی، لہٰذا دو قلوں کے پانی کی مقدار پانچ صد رطل ہوئی جو موجودہ زمانے کے پیمانے کے مطابق دو سو ستائیس کلو گرام، یعنی پانچ من ستائیس کلو گرام ہے۔
«لَمْ يَحْمِلِ الْخَبَثَ» الْخَبْث میں ”خا“ اور ”با“ دونوں پر زبر ہے۔ اس کے معنی نجاست اور گندگی کے ہیں، یعنی پانی اس نجاست کو قبول ہی نہیں کرتا بلکہ قبول کرنے سے انکاری ہے، اس لیے صرف نجاست کے پانی میں گرنے سے پانی ناپاک نہیں ہوتا۔
«لَمْ يَنْجُسُ» میں ایک قرأت کے مطابق تو ”جیم“ پر فتحہ ہے اور دوسری قرأت کے مطابق ضمہ ہے، دونوں صورتوں میں معنی ایک ہی ہیں۔

فوائد و مسائل:
➊ یہ حدیث پانی کی قلیل و کثیر مقدار کے فرق اور حد بندی میں بالکل واضح اور صریح ہے۔ ان تمام احادیث سے جو چیز حاصل ہوتی ہے وہ یہ ہے کہ جب پانی کی مقدار دو قلوں (مٹکوں) سے کم ہو گی تو وہ محض نجاست کے گرنے ہی سے ناپاک ہو جائے گا، خواہ اوصاف ثلاثہ میں سے کسی وصف میں تغیر واقع ہوا ہو یا نہ، اور اگر اس کی مقدار «قُلَّتَيْنِ» (دو مٹکوں) کے برابر یا اس سے زیادہ ہو گی تو محض وقوع نجاست سے وہ ناپاک نہیں ہو گا بلکہ وہ خود بھی پاک ہی رہے گا اور دوسری چیز کو بھی پاک کرے گا، البتہ جب اس نجاست کی وجہ سے ان اوصاف ثلاثہ (بو، ذائقہ اور رنگت) میں سے کوئی وصف تبدیل ہو جائے گا تو پھر وہ پانی ناپاک شمار ہو گا جیسا کہ سیدنا ابوامامہ رضی اللہ عنہ سے مروی حدیث اس پر دلالت کرتی ہے۔ جہاں تک بئر بضاعه والی حدیث کا تعلق ہے تو اس کے بارے میں معلوم ہو چکا ہے کہ اس میں پانی دو قلے یا اس سے بھی زیادہ تھا۔
➋ اس حدیث کو حفاظ ائمہ حدیث کے ایک جم غفیر: امام شافعی، ابوعبیدہ، احمد، اسحاق، یحییٰ بن معین، ابن خزیمہ، طحاوی، ابن حبان، دارقطنی، ابن مندہ، حاکم، خطابی، بیہقی، ابن حزم اور دیگر آئمہ رحمہا اللہ نے صحیح قرار دیا ہے جیسا کہ علامہ سیوطی نے ”قوت المغتذي“ میں نقل کیا ہے۔
➌ یہ اہلحدیث اور شوافع کی دلیل ہے کہ دو قلوں سے کم پانی، کثیر کے زمرے میں نہیں آتا اور دو قلوں یا اس سے زیادہ پانی کی مقدار کثیر ہے۔ احناف کا دہ در دہ کا مسئلہ عقلی ہے۔ حدیث کے مقابلے میں عقل کی کیا حیثیت ہے۔

راوئ حدیث:
سیدنا عبد اللہ بن عمر رضی اللہ عنہما آپ زاہد اور پختہ علم والے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم میں شمار ہوتے ہیں صغر سنی میں مشرف بہ اسلام ہوئے۔ مکہ سے مدینہ کی جانب ہجرت بھی کی۔ پہلی مرتبہ غزوہ خندق میں شریک ہوئے۔ 73 ہجری میں مکہ مکرمہ میں وفات پائی اور ذی طویٰ نامی جگہ میں دفن ہوئے۔
بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری 4