🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ محمد فاروق رفیع حفظہ اللہ
فوائد:
➊ عمرہ واجب ہے یا مسنون، اس بارے میں علماء کا اختلاف ہے۔
چنانچہ احناف اور مالک کا مذہب ہے کہ عمرہ مسنون ہے، کیونکہ حدیث جابر میں ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے سوال کیا گیا کہ کیا عمرہ واجب ہے؟ تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے نہیں میں جواب دیا۔ [جامع الترمذي: 931، مسند أحمد: 3/316، السنن الكبرى للبيهقي: 4/349]
اور شافعیہ اور احمد کا موقف ہے کہ عمرہ فرض ہے۔
ان کی دلیل یہ آیت ہے: ﴿وَأَتِمُّوا الْحَجَّ وَالْعُمْرَةَ لِلَّهِ﴾ ”اور حج اور عمرہ کو اللہ کی رضا کے لیے مکمل کرو۔“ [سورة البقرة: 196]
چونکہ یہاں عمرہ کا عطف حج پر ہے اور حج فرض ہے، اس لیے عمرہ بھی فرض ٹھہرا۔
لیکن پہلا مذہب (عدم وجوب کا) راجح ہے۔ [فقہ السنہ: 1/677]
➋ ◈ شوکانی رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں، حق بات یہ ہے کہ عمرہ واجب نہیں، کیونکہ اصل میں عمرہ کی عدم فرضیت ثابت ہے اور اس کا وجوب کسی قطعی نص کے بغیر ممکن نہیں اور ایسی کوئی دلیل ثابت نہیں، جس میں عمرہ کی فرضیت ثابت ہو۔
اور اس موقف کی مزید تائید ان نصوص سے ہوتی ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اسلام کے بنیادی پانچ ارکان میں فقط حج پر اکتفا کیا ہے اور اللہ تعالیٰ نے اس آیت ﴿وَلِلَّهِ عَلَى النَّاسِ حِجُّ الْبَيْتِ﴾ میں بھی حج کی فرضیت ہی پر اقتصار کیا ہے۔ [سورة آل عمران: 97] [نیل الأوطار: 4/299]
صحیح ابن خزیمہ شرح از محمد فاروق رفیع 3069