🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ حافظ محمد امین حفظہ اللہ
702 ۔ اردو حاشیہ : ➊ یہ وفد ہجرت کے پہلے سال ہی آیا تھا ۔ اس وقت مسجد نبوی...
702 ۔ اردو حاشیہ:
➊ یہ وفد ہجرت کے پہلے سال ہی آیا تھا۔ اس وقت مسجد نبوی کی تعمیر ہو رہی تھی۔ حضرت طلق بن علی رضی اللہ عنہ نے بھی مسجد کی تعمیر میں حصہ لیا تھا اور گارا تیار کیا تھا۔
➋ یہ گرجا ان لوگوں کا اپنا ہی تھا۔ جب وہ مسلمان ہوئے تو انہوں نے اپنے گرجے کو مسجد میں بدل لیا۔ اس میں کوئی حرج نہیں ہے کیونکہ گرجا بھی اللہ تعالیٰ ہی کی عبادت کے لیے بنایا گیا تھا، البتہ ظاہری شکل و صورت مسجد جیسی بنانا ضروری ہے، نیز اگر اس میں بت یا مجسمے ہوں تو ان کا نکالنا ضروری ہے، تصویریں ہیں تو انہیں مٹانا ضروری ہے، البتہ اگر غیرمسلم مسلمان نہ ہوں تو ان کی عبادت گاہ کو زبردستی مسجد میں تبدیل نہیں کیا جا سکتاکہ یہ آزادیٔ مذہب کے خلاف ہے۔
➌ ”وضو کا پانی“ سے مراد وہ پانی بھی ہو سکتا ہے جو وضو میں استعمال ہوتا ہے۔ اس جگہ یہ معنی مناسب ہیں کیونکہ یہ پانی تبرک کے لیے تھا، لیکن حدیث مذکور میں «فَضْلِ طَهُورِهِ» کا لفظ ہے، اس لیے ترجمہ میں اس سے مراد وہ پانی لیا گیا ہے جس سے وضو کیا گیا اور کچھ برتن میں بچ گیا۔ اس میں چونکہ بار بار آپ کا دست مبارک داخل ہوتا رہا ہے، لہٰذا وہ بھی متبرک تھا۔
➍ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے متعلقہ چیزوں سے تبرک تو متفق علیہ مسئلہ ہے۔ صحابۂ کرام رضی اللہ عنھم نے آپ کے لعاب مبارک، پسینے، خون، پیاری زلفوں، مقدس ناخنوں، لباس شریف، نعلین مبارک، وضو کے بابرکت پانی اور آپ کے جسم اور اس سے لگنے والی ہرچیز سے برکت حاصل کی، مگر کیا یہ سلوک نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد کسی اور کے ساتھ بھی کیا جا سکتا ہے؟ صحابہ و تابعین نے تو خلفائے راشدینِ تک کے ساتھ ایسا نہیں کیا۔ اس کے رواج تبع تابعین کے بعد اس وقت پڑا جب تصوف کا رواج ہوا، اس لیے اب ایسا نہیں کیا جا سکتا کیونکہ کسی کو قطعاً مقدس اور مبارک نہیں کہا: جا سکتا۔
➎ ”اس سے پاکیزگی ہی میں اضافہ ہو گا۔“ یعنی مزید پانی جو ملایا جائے گا، اس کے ملانے سے پہلے پانی کے تبرک میں کمی نہ آئے گی کیونکہ دوسرا پانی بھی تو پاک ہی ہے۔ پہلے تھوڑا پانی متبرک تھا، مزید ملانے سے زیادہ پانی متبرک ہو جائے گا۔ تبرک تو اس میں موجود ہے۔ اس سے یہ معلوم ہوا کہ متبرک پانی، مثلاً: زمزم دور تک لے جایا جا سکتا ہے اور اس میں مزید پانی بھی ملایا جا سکتا ہے۔
➏ معلوم ہوتا ہے کہ وہ راہب دعوت سنتے ہی مسلمان ہو گیا اور اللہ تعالیٰ نے اسے غائب کر دیا۔ کوئی مصلحت ہو گی یا کہیں دور دراز نکل گیا ہو گا کیونکہ گرجا تو منہدم کر دیا گیا تھا۔ واللہ أعلم۔
سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ 702