🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ صفی الرحمن مبارکپوری رحمہ اللہ
� فوائد و مسائل : ➊ یہ حدیث صریح طور پر اس بات پر دلالت کرتی ہے کہ «مَسَّ ذَكَرَ»...
� فوائد و مسائل:
➊ یہ حدیث صریح طور پر اس بات پر دلالت کرتی ہے کہ «مَسَّ ذَكَرَ» سے وضو ٹوٹ جاتا ہے اور یہی راجح قول ہے، اس لیے کہ یہ کلام میں ایک مقرر اور مستحکم حکم ہے، اجتہاد کا اس میں کوئی عمل دخل نہیں۔
➋ امام شافعی، ابوزرعہ، ابوحاتم، دارقطنی، بیہقی اور ابن جوزی رحمھم اللہ نے سیدنا طلق بن علی رضی اللہ عنہ سے مروی حدیث کو ضعیف اور سیدنا بسرہ بنت صفوان رضی اللہ عنہ سے مروی حدیث کو صحیح قرار دیا ہے۔ جہاں تک ابن مدینی کے اسے قول کا تعلق ہے کہ طلق بن علی رضی اللہ عنہ کی روایت بسرہ رضی اللہ عنہ کی روایت سے زیادہ بہتر ہے، اس بات کو ائمہ نے قبول نہیں کیا۔
➌ تقریباً اٹھارہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم سے بسرہ رضی اللہ عنہ والی حدیث کی تائید میں احادیث مروی ہیں، مزید یہ کہ بسرہ رضی اللہ عنہ والی حدیث کی سند کے راوی صحیحین کے ہیں جبکہ طلق بن علی رضی اللہ عنہ کی روایت کی سند کے راویوں میں سے ایک بھی ایسا نہیں جو صحیحین کے راویوں میں سے ہو۔
➍ سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ ان لوگوں میں سے ہیں جو مس ذکر سے وضو ٹوٹنے کے متعلق روایت کرتے ہیں۔ یہ طلق بن علی رضی اللہ عنہ کی آمد کے چھ سال یا اس سے بھی زیادہ عرصہ بعد اسلام لائے تھے جبکہ طلق بن علی رضی اللہ عنہ ابتدا ہی میں (جب نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم ہجرت فرما کر مدینہ تشریف لائے تھے اور مسجد نبوی کی تعمیر شروع کی) مدینے آئے تھے، پھر اپنے وطن یمامہ واپس چلے گئے۔ اور سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ 6 ہجری کے آخر میں دائرہ اسلام میں داخل ہوئے۔ اس صورت میں بھی بعد میں حاضر ہونے والے صحابی کی روایت راجح ہے۔ یاد رہے کہ «مَسّ ذَكَر» (شرم گاہ کے چھونے) کا مطلب ہے کہ بغیر کپڑے کے ہاتھ لگ جائے تو ایسا چھونا صحیح نہیں، اس سے وضو ٹوٹ جائے گا۔

راوی حدیث:
سیدنا بسرۃ بنت صفوان رضی اللہ عنہا بسرہ کی ”با“ پر ضمہ اور ”سین“ ساکن ہے۔ سلسلہ نسب یوں ہے: بسرۃ بنت صفوان بن نوفل بن اسد بن عبدالعزی قرشیہ اسدیہ رضی اللہ عنہا۔ ان کا شمار سابقین صحابہ رضی اللہ عنہم اور پہلے پہل ہجرت کرنے والوں میں ہوتا ہے۔ امیر معاویہ رضی اللہ عنہ کے دور اقتدار تک حیات رہیں۔
بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری 68