🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ صفی الرحمن مبارکپوری رحمہ اللہ
� لغوی تشریح : «بَابُ آدَابِ قَضَاءِ الْحَاجَةِ» قضائے حاجت، یہ بول وبراز سے کنایہ ہے۔ «اَلْخَلَآءَ» ”خا“ کے فتحہ...
� لغوی تشریح:
«بَابُ آدَابِ قَضَاءِ الْحَاجَةِ» قضائے حاجت، یہ بول وبراز سے کنایہ ہے۔
«اَلْخَلَآءَ» ”خا“ کے فتحہ اور الف ممدودہ کے ساتھ ہے۔ خالی جگہ اور خالی مکان کو کہتے ہیں۔ پھر یہ قضائے حاجت کی جگہ کے لیے کثرت سے استعمال ہونے لگا۔ اسے بیت الخلاء بھی کہتے ہیں کیونکہ قضائے حاجت کے اوقات کے علاوہ یہ جگہ عموماً خالی رہتی ہے، اور اس لیے بھی اسے خلا کہتے ہیں کہ انسان کے لیے اس میں خلوت اور تنہائی میسر آتی ہے۔
«وَضَعَ خَاتَمَهُ» اپنی انگوٹھی اتار کر رکھ دیتے کیونکہ اس میں «محمد رسول الله» منقش تھا۔ اور اس میں تنبیہ اور خبردار کرنا مقصود ہے کہ گندگی والی جگہوں سے ایسی چیزوں کو دور ہی رکھا جائے جس میں اللہ کا ذکر ہو۔
«وَھُوَ مَعْلُوْلٌ» معلول اس لیے ہے کہ ہمام نے یہ روایت ابن جریج سے بیان کی ہے اور وہ زہری کے واسطے سے روایت کرتا ہے، حالانکہ ابن جریج نے یہ روایت زہری سے نہیں سنی بلکہ اس نے زیاد بن سعد کے واسطے سے زہری سے سنا ہے اور اس کے الفاظ بھی دوسرے ہیں اور وہ یہ ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے لیے چاندی کی انگوٹھی بنوائی، پھر اسے اتار دیا۔

فائدہ:
یہ روایت سنداً ضعیف ہے۔ اس کو امام ابوداود نے منکر قرار دیا ہے، وہ فرماتے ہیں کہ اس میں ہمام راوی کو وہم ہوا ہے۔ تاہم ادب واحترام کا تقاضا ہے کہ بیت الخلا وغیرہ ناپاک اور گندی جگہوں میں ایسی کوئی چیز لے کر دیدہ و دانستہ داخل نہیں ہونا چاہیے جس پر اللہ تعالیٰ کے اسمائے حسنیٰ یا آیات قرآن مجید وغیرہ لکھی ہوئی ہوں۔
بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری 77