🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ حافظ محمد امین حفظہ اللہ
911 ۔ اردو حاشیہ : حدیث کے الفاظ عام ہیں جس میں اکیلا ، امام اور مقتدی سب شامل ہیں...
911 ۔ اردو حاشیہ: حدیث کے الفاظ عام ہیں جس میں اکیلا، امام اور مقتدی سب شامل ہیں۔ اسی طرح لفظ صلاۃ بھی عام ہے۔ فرض نماز ہو یا نفل، انفرادی ہو یا اجتماعی، سری ہو یا جہری۔ اور یہی مفہوم صحیح ہے۔ احناف ا ور مالکیوں کے نزدیک مقتدی اس سے مستثنیٰ ہے۔ مالکیہ کے نزدیک صرف جہری نماز میں استثنا ہے۔ مالکیہ کی دلیل قرآن کی آیت ہے: «وَإِذَا قُرِئَ الْقُرْآنُ فَاسْتَمِعُوا لَهُ وَأَنْصِتُوا لَعَلَّكُمْ تُرْحَمُونَ» [الأعراف: 7: 204]
”جب قرآن مجید پڑھا جائے تو غور سے سنو اور خاموش رہو۔“ انصات کی بحث حدیث نمبر 910 میں گزر چکی ہے۔ احناف کا استدلال اس دوسری روایت سے بھی ہے: «من كان له إمامٌ فقراءةُ الإمامِ له قراءةٌ» [سنن ابن ماجه، إقامة الصلوات، حدیث: 850]
مگر یہ حدیث ائمہ حدیث کے نزدیک بالاتفاق منقطع ہے۔ سوائے ضعیف راویوں کے کسی نے اسے متصل سند کے ساتھ بیان نہیں کیا ہے، لہٰذا یہ روایت غیر معتبر ہے، نیز یہاں قراء ت سے مراد جہر ہو سکتا ہے، یعنی امام کے ہوتے ہوئے جہراً نہ پڑھا جائے۔ یا یہ بھی ممکن ہے کہ جس آدمی کا امام ہو، یعنی وہ امام کے پیچھے نماز پڑھ رہا ہو تو اسے اپنی قرأت کرنی چاہیے کیونکہ امام کی قرأت صرف اپنے لیے ہوتی ہے۔ ان دو تاویلوں سے یہ روایت دوسری صحیح روایات کے موافق ہو جائے گی، ورنہ محدثین کا فیصلہ اوپر گزر چکا ہے۔ یا اس روایت کو فاتحہ سے مابعد قرأت پر محمول کیا جائے، یعنی فاتحہ کے بعد مقتدی نہ پڑھے۔ اس طرح تمام روایات پر عمل ممکن ہو گا۔ ضعیف روایات کی بنا پر صحیح روایات کو نہیں چھوڑا جا سکتا۔ ویسے بھی مقتدی اپنی نماز کے تمام ارکان خود ادا کرتا ہے، امام اس کی طرف سے ایک رکن تو ایک طرف رہا، کوئی مستحب بھی ادا نہیں کرتا حتیٰ کہ دعائے استفتاح، تسبیحات، رکوع و سجود، تمام اذکار اور اد اور تکبیرات تک خود پڑھتا ہے۔ تو کیا وجہ ہے کہ قرأت جو نماز کا رکن اعظم ہے، مقتدی چھوڑ دے کہ امام کی قرأت مجھے کفایت کر جائے گی۔ اگر قرأت امام خصوصاً سری نمازوں میں، مقتدی کی طرف سے کافی ہے تو باقی چیزیں کیوں کافی نہیں؟ یہ بات انتہائی قابل غور ہے، نیز احناف کے نزدیک قرأت نماز کا لازمی رکن ہے تو رکن کے بغیر نماز کیسے ادا ہو جائے گی؟ جب کہ ہر ایک کی نماز کی قبولیت الگ الگ ہے۔ ہو سکتا ہے امام کی نماز قبول نہ ہو۔ (مثلاً: وہ سود خور ہے) مگر مقتدی کی ہو جائے۔ اس کے برعکس قرآن مجید میں ہے: «وَأَنْ لَيْسَ لِلإنْسَانِ إِلا مَا سَعَى» [النجم: 53: 39]
”انسان کے کام وہی عمل آئے گا جو اس نے خود کیا۔“ ایسے واضح دلائل کے مقابلے میں چند ایک ضعیف اور انتہائی کمزور روایات کو پیش کر کے امام کے پیچھے ہر قسم کی (سری اور جہری) نمازوں میں مقتدی کو سورۂ فاتحہ کی قرأت سے جبراً روک دینا یقیناًً حیرت انگیزجسارت ہے۔ جس پر احباب کو غور کرنا چاہیے۔ «لا صلاةَ» میں ”لا“ جنس کی نفی کے لیے ہے، یعنی اس سے ذات کی نفی مراد ہے، صفات کی نفی مراد نہیں جیسا کہ بعض لوگ اسے لائے نفی کمال، کہتے ہیں کیونکہ صفات کی نفی وہاں مراد ہوتی ہے جہاں ذات کی نفی مراد لینے سے کوئی قرینہ مانع ہو اور اس حدیث میں اس ”لا“ کو لائے نفی جنس بنانے میں کوئی قرینہ مانع نہیں بلکہ اس کی تائید اسماعیلی کی روایت سے بھی ہوتی ہے کہ «لا تجزئُ صلاةٌ لا يُقرأُ فيها بفاتحةِ الكتابِ» ”جس نماز میں سورۂ فاتحہ نہ پڑھی جائے وہ کفایت نہیں کرتی۔“ یعنی وہ قبول نہیں ہوتی جیسا کہ دوسری روایت میں ہے: «لا تُقْبَلُ صلاةٌ لا يُقْرَأُ فيها بأمِّ القران» ”جس نماز میں میں ام القرآن، یعنی سورۂ فاتحہ نہ پڑھی جائے وہ (عنداللہ) مقبول نہیں۔“ مزید تفصیل کے لیے دیکھیے: [فتح الباري: 2؍313۔ 315، تحت حدیث: 756، وعمدة القاري: 6؍15۔ 17، تحت حدیث: 756]

سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ 911