🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ صفی الرحمن مبارکپوری رحمہ اللہ
� فوائد و مسائل : ➊ اس حدیث میں ہے کہ سورہ فاتحہ کی قرأت کے اختتام پر آپ بآواز...
� فوائد و مسائل:
➊ اس حدیث میں ہے کہ سورہ فاتحہ کی قرأت کے اختتام پر آپ بآواز بلند آمین کہتے تھے۔ آمین کہنے میں کسی کا اختلاف نہیں۔ اگر اختلاف ہے تو وہ بلند آواز سے کہنے میں ہے۔ احناف آمین آہستہ کہنے کے قائل ہیں جبکہ ائمہ ثلاثہ، محدثین اور اہلحدیث بلند آواز سے آمین کہنے کے قائل ہیں۔ بہت سی صحیح احادیث سے آمین بالجھر کی تائید و توثیق ہوتی ہے، چنانچہ ترمذی میں سیدنا وائل بن حجر رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے آمین کہی اور اپنی آواز کو دراز کیا۔ ابوداود اور سنن دارمی حديث: 1249 کے الفاظ ہیں کہ آپ نے آمین بلند آواز سے کہی۔ اس حدیث کو ترمذی نے حسن اور دارقطنی نے صحیح قرار دیا ہے، اور حافظ ابن حجر رحمہ اللہ نے بھی اس کی سند کو صحیح کہا ہے۔
➋ سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جب امام آمین کہے تو تم بھی آمین کہو۔ جس شخص کی آمین فرشتوں کی آمین کے موافق ہو گئی تو اس کے پہلے سب گناہ معاف کر دیے جاتے ہیں۔ [صحيح البخاري، الأذان، باب جهر الإمام بالتأمين، حديث: 780، وصحيح مسلم، الصلاة، باب التسبيح والتحميد والتأمين، حديث: 410]
➌ امام ابن خزیمہ اس حدیث کی تشریح میں فرماتے ہیں: اس حدیث سے ثابت ہوا کہ امام اونچی آواز سے آمین کہے کیونکہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم مقتدی کو امام کی آمین کے ساتھ آمین کہنے کا حکم اسی صورت میں دے سکتے ہیں جب مقتدی کو معلوم ہو کہ امام آمین کہہ رہا ہے۔ کوئی عالم تصور نہیں کر سکتا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم مقتدی کو امام کی آمین کے ساتھ آمین کہنے کا حکم دیں جب کہ وہ اپنے امام کی آمین کو سن نہ سکے۔ [صحيح ابن خزيمة: 286/1]
➍ سیدنا عبداللہ بن زبیر رضی اللہ عنہما اور ان کے مقتدی اتنی بلند آواز سے آمین کہا کرتے تھے کہ مسجد گونج اٹھتی تھی۔ امام بخاری رحمہ اللہ نے اسے تعلیقاً لیکن صیغۂ جزم کے ساتھ ذکر کیا ہے جو اس کے صحیح ہونے کی دلیل ہے۔ دیکھئے: [صحيح البخاري، الأذان، باب جهر الإمام بالتأمين، قبل حديث: 780]
➎ سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جس قدر یہود بلند آواز سے آمین کہنے سے چڑتے ہیں اتنا کسی اور چیز سے نہیں، لہٰذا تم کثرت سے آمین کہا کرو۔“ [سنن ابن ماجه، إقامة الصلوات، باب الجهر بآمين، حديث: 857]
سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے، نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”یہودی تم سے کسی چیز پر اتنا حسد نہیں کرتے جتنا سلام اور آمین پر تم سے حسد کرتے ہیں۔“ [سنن ابن ماجه، إقامة الصلوات، باب الجهر بآمين، حديث: 856، والأدب المفرد، حديث: 988، ومجمع الزوائد: 113/2]
➏ سیدنا علی رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، انہوں نے فرمایا: میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا کہ جب آپ نے «وَلَا الضَّآلِّيْن» کہا: تو فرمایا: ”آمین۔“ [سنن ابن ماجه، إقامة الصلوات، باب الجهر بآمين، حديث: 854]
➐ سیدنا معاذ بن جبل رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”یہود مسلمانوں سے تین باتوں کی بنا پر حسد کرتے ہیں: سلام جواب پر، صفوں کی درستی پر، اور امام کے پیچھے آمین کہنے پر۔“ امام طبرانی نے اسے الأوسط میں بیان کیا ہے اور علامہ ہیثمی نے اس کی سند کو حسن قرار دیا ہے۔ [مجمع الزوائد، الصلاة: 113/2]
➑ سیدنا عکرمہ رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ میں نے دیکھا کہ امام جب «وَلَا الضَّآلِّيْن» کہتا تو لوگوں کے آمین کہنے کی وجہ سے مسجد گونج جاتی۔ [مصنف ابن أبى شيبة: 2 187]
➒ عطاء بن ابی رباح رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ میں نے دو سو صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کو دیکھا کہ بیت اللہ میں جب امام «وَلَا الضَّآلِّيْن» کہتا تو سب بلند آواز سے آمین کہتے۔ [السنن الكبريٰ للبيهقي: 59/2، وكتاب الثقات لابن حبان: 265/6]
یہ اور اسی نوعیت کی دیگر احادیث کی بنا پر امام شافعی اور امام احمد رحمہما اللہ وغیرہ فرماتے ہیں کہ نماز میں جب امام سورہ فاتحہ ختم کرے تو امام و مقتدی کو بلند آواز سے آمین کہنی چاہیے۔ اور علمائے احناف کے مقتدر علماء نے بھی اس حقیقت کو تسلیم کیا ہے۔
➓ امام ابن ہمام حنفی رحمہ اللہ نے فتح القدیر شرح بدایہ میں متوسط درجے کی آواز سے آمین کہنے کو پسند فرمایا ہے۔ مدارج النبوة اور أشعة اللمعات میں شیخ عبدالحق محدث دہلوی رحمہ اللہ نے کہا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جہری نمازوں میں بلند آواز سے آمین کہتے اور مقتدی بھی آپ کی موافقت کرتے۔ اور جہراً آمین کہنے کی احادیث تعداد کے لحاظ سے زیادہ ہیں اور سند کے لحاظ سے بہت صحیح ہیں۔
⓫ سیدنا شاہ اسماعیل شہید رحمہ اللہ نے بھی تنویر العینین میں کہا ہے کہ: جہراً آمین کہنے کی احادیث اکثر اور واضح ہیں۔ اور التعلیق الممجد میں مولانا عبدالحی لکھنوی لکھتے ہیں کہ انصاف کی بات تو یہی ہے کہ آمین زور سے کہنا دلیل کی روشنی میں قوی ہے۔ اور یہی بات انہوں نے السعاية میں فرمائی ہے، بلکہ وہاں تو صاف طور پر اس کی بھی وضاحت کر دی ہے کہ ”آہستہ آمین کہنے والی روایات ضعیف ہیں جو جہراً آمین کہنے والی روایات کا مقابلہ نہیں کر سکتیں۔“ اس اظہار حقیقت کے بعد ہم مزید کسی بات کی ضرورت محسوس نہیں کرتے۔
بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری 222