🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ صفی الرحمن مبارکپوری رحمہ اللہ
لغوی تشریح : «لَا يَسْتَحْيِي مِنَ الْحَقِّ» ”حا“ کے بعد دو ”یا“ ہیں۔ ”حا“ اس میں ساکن ہے۔ معنی...
لغوی تشریح:
«لَا يَسْتَحْيِي مِنَ الْحَقِّ» ”حا“ کے بعد دو ”یا“ ہیں۔ ”حا“ اس میں ساکن ہے۔ معنی یہ ہیں کہ وہ حق بیان کرنے سے رکتا ہے نہ حیا کرنے والے کی طرح حق کو ترک کرتا ہے۔ اسی طرح جن مسائل کے دریافت کرنے کی مجھے ضرورت و احتیاج ہے ان سے میں رک نہیں سکتی۔ یہ بات انہوں نے اعتذار کے طور پر کہی کیونکہ عورتیں اس قسم کی باتیں پوچھنے میں شرماتی ہیں۔
«إذَا احتلمت» یعنی جب اسے احتلام ہو جائے۔ ایک دوسری روایت میں: «إذَا رَأَتْ أَنَّ زَوْجَهَا يُحَامِعُهَا فِي الْمَنَامِ» کے الفاظ بھی منقول ہیں۔ [مسند أحمد: 346/6، 377]
یعنی جب وہ دیکھے کہ خواب میں اس کا شوہر اس سے زن و شو کے تعلقات قائم کیے ہوئے ہے۔
«اذا رأتِ انمَاء» جب نیند سے بیدار ہو کر منی دیکھے۔

راویٔ حدیث:
(سیدہ ام سلیم رضی اللہ عنہا) ان کا نام رمیصاء یا غمیصاء بنت ملحان تھا۔ سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ کی والدہ تھیں۔ فاضلہ و عالمہ خاتوں تھیں۔ مالک بن نصر کی زوجیت میں تھیں۔ یہ مسلمان ہو گئیں۔ انہوں نے اپنے خاوند کے سامنے اسلام پیش کیا تو وہ اسی وجہ سے ناراض ہو کر شام کی طرف بھاگ گیا اور فوت ہو گیا۔ مالک بن نصر کی وفات کے بعد ابوطلحہ نے ان کو پیغام نکاح دیا۔ ابوطلحہ ابھی مشرک تھے۔ ام سلیم نے شرط پیش کی کہ اسلام قبول کر لو تو میں تمہارے ساتھ نکاح کر لوں گی۔ اس شرط کو ابوطلحہ رضی اللہ عنہ نے قبول کیا اور مسلمان ہو گئے تو ام سلیم رضی اللہ عنہا نے ان سے نکاح کر لیا۔ ان کے بہت زیادہ فضائل و مناقب ہیں۔ سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ کے دور خلافت میں وفات پائی۔
بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری 96