🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ صفی الرحمن مبارکپوری رحمہ اللہ
لغوی تشریح : «اَلذُّبَابُ» ”ذال“ کے ضمہ اور ”با“ کی تخفیف کے ساتھ ہے۔ سب کی جانی پہچانی چیز،...
لغوی تشریح:
«اَلذُّبَابُ» ”ذال“ کے ضمہ اور ”با“ کی تخفیف کے ساتھ ہے۔ سب کی جانی پہچانی چیز، یعنی مکھی۔ اسے «ذباب» اس لیے کہتے ہیں کہ «ذَبَّ» کے معنی ہیں: ہٹانا اور اُڑانا۔ اسے جب بھی اڑایا جائے یہ پھر آ جاتی ہے، اس لیے اسے بار بار اڑانا پڑتا ہے۔
«شَرَاب» پینے کا ہر مشروب۔
«فَلْيَغْمِسْهُ» ”میم“ کے زیر کے ساتھ۔ «غَمْسٌ» سے ماخوذ ہے جس کے معنی ہیں: پانی یا مائع، یعنی بہنے والی چیز میں غوطہ لگانا، ڈبکی مارنا۔
«لِيَنْزِعْهُ» باہر نکالنا، کھینچ کر نکالنا۔ دونوں صیغوں کا ”لام“ لام امر ہے اور معنی یہ ہوئے کہ غوطہ دے کر نکالنا چاہئیے۔
«اَلْجَنَاح» سے مراد ”پر“ ہے جس کے ذریعے سے پرندہ پرواز کرتا اور اُڑتا ہے۔
«دَاءٌ» بیماری اور مرض اور ایک روایت میں «سَمًّا» (زہر) بھی منقول ہے۔

فوائد و مسائل:
➊ امام ابوداود رحمہ اللہ نے یہ اضافہ نقل کیا ہے کہ جب مکھی مشروب میں گرنے لگتی ہے تو اپنے آپ کو بچانے کے لیے بیماری والا پر آگے بڑھاتی ہے۔ امام احمد اور ابن ماجہ رحمها اللہ کے ہاں یہ ہے کہ مکھی زہر والا پر آگے بڑھاتی ہے اور جس میں شفا ہوتی ہے اسے پیچھے رکھتی ہے۔ [مسند أحمد: 3/ 24، 67، وسنن ابن ماجه، الطب، باب الذباب
يقع فى الإناء، حديث: 3504]

➋ غوطہ دینے اور ڈبکی دے کر نکالنے سے مقصود یہ ہے کہ شفا والے پر کے ذریعے سے بیماری اور زہر زائل ہو جائے۔
➌ حدیث مذکور اس بات کی واضح دلیل ہے کہ اگر مکھی کسی سیال (بہنے والی) چیز میں گر کر مر جائے تو وہ چیز نجس نہیں ہو جاتی۔ اس سے یہ حکم بھی نکالا گیا ہے کہ جس جاندار کے جسم میں بہنے والا خون ہی موجود نہ ہو، مثلاً: شہد کی مکھی، مکڑی، بھڑ وغیرہ اور انہی سے ملتے جلتے دیگر حشرات، اگر یہ پانی میں گر کر مر جائیں تو وہ پانی ناپاک نہیں ہوتا، کیونکہ نجاست زدہ ہونے کا سبب تو جانور میں وہ خون ہے جو اس کی موت کی وجہ سے رک جاتا ہے۔ جن حیوانات میں خون گردش ہی نہیں کرتا ان میں یہ (خون رکنے کا) سبب موجود نہیں، اس لئے ایسے جانوروں کے مائع چیز میں گرنے سے چیز ناپاک نہیں ہو گی۔
بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری 12