🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ حافظ محمد امین حفظہ اللہ
1299 ۔ اردو حاشیہ : ➊ اگرچہ حدیث میں مطلق دعا کا ذکر ہے مگر بعض چیزیں خود بخود مفہوم...
1299۔ اردو حاشیہ:
➊ اگرچہ حدیث میں مطلق دعا کا ذکر ہے مگر بعض چیزیں خود بخود مفہوم ہوتی ہیں، یعنی دعا سے پہلے درود پڑھا جائے گا جیسا کہ گزشتہ روایات سے واضح ہے، مثلاً: حدیث نمبر 1285۔ اسی طرح دعا سے مراد بھی منقول اور ماثور دعا ہے، نہ کہ ہر آدمی اپنی مرضی کے مطابق دعائیں بناتا رہے۔ جب نماز کے ہر رکن کے لیے منقول ذکر ہونا ضروری ہے تو یہاں کیسے غیر منقول دعا مراد ہو گی؟ ویسے بھی اپنی طرف سے بنائی ہوئی دعا کی صحت کا یقین نہیں ہوتا اور نماز میں مشکوک چیز نہیں ہونی چاہیے۔ واللہ أعلم۔
➋ درود شریف پڑھنے سے اللہ کے حکم کی تعمیل ہوتی ہے۔
➌ نبیٔ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم پر صلاۃ پڑھنے میں بندہ اپنے رب کی موافقت کرتا ہے اگرچہ اللہ کا آپ پر صلاۃ پڑھنے کا مطلب یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ فرشتوں کے ہاں آپ کی تعریف و توصیف کرتا ہے اور ہمارے اور فرشتوں کے صلاۃ پڑھنے سے مراد دعا ہے۔
➍ جو بندہ ایک دفعہ نبیٔ اکرم صلی اللہ علیہ وسلم پر درود پڑھتا ہے، اللہ تعالیٰ اس پر دس رحمتیں نازل فرماتا ہے، دس نیکیاں عطا فرماتا ہے۔ دس درجے بلند ہو جاتے ہیں اور اس کے دس گناہ مٹا دیے جاتے ہیں۔
➎ جب بندہ اللہ کے حضور دعا مانگتا اور اس سے پہلے درود پڑھتا ہے تو اس کی دعا قبول ہونے کی زیادہ امید ہوتی ہے۔
➏ درود شریف قیامت والے دن نبیٔ رحمت صلی اللہ علیہ وسلم کی شفاعت، آپ کی رفاقت اور گناہوں کی معافی کا ذریعہ ہو گا۔
➐ اس کے نہ پڑھنے سے آدمی قیامت کے دن حسرت اور افسوس کرے گا۔
➑ اس کے پڑھنے سے فاقوں اور مصیبتوں سے نجات ملتی ہے۔
➒ اس کے پڑھنے سے جنت کا راستہ آسان ہو جاتا ہے۔
➓ آپ پر درود نہ بھیجنے والا بخیل ہے۔ (11) آپ کا نام سن کر درود نہ پڑھنے والے کے لیے جبریل علیہ السلام اور حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے بددعا فرمائی۔ (12) اس کے پڑھنے سے فرشتے دعائے رحمت کرتے ہیں۔ (13) اس کے پڑھنے سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا قرب نصیب ہو گا۔
سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ 1299