🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ حافظ محمد امین حفظہ اللہ
1485 ۔ اردو حاشیہ : ➊ ’’ہم آپ کی آواز نہیں سنتے تھے ۔“ اس کا یہ مطلب نہیں کہ...
1485۔ اردو حاشیہ:
➊ ”ہم آپ کی آواز نہیں سنتے تھے۔“ اس کا یہ مطلب نہیں کہ آپ نے بلند آواز سے قرأت نہیں کی بلکہ اپنے سماع کی نفی کی ہے کہ اجتماع اتنا زیادہ تھا اور ہم اتنی دور تھے کہ ہمیں آپ کی آواز سنائی نہیں دیتی تھی۔ حقیقتاً یہ الفاظ آپ کی جہر پر دلالت کرتے ہیں کہ آپ کی آواز تو تھی مگر ہمیں سنائی نہیں دیتی تھی۔
➋ اس روایت میں صرف ایک رکوع اور ایک سجدے کا ذکر ہے۔ دراصل یہ روایت مختصر ہے۔ مقصد رکوع اور سجدے کی طوالت کا اظہار ہے نہ کہ تعداد کا بیان۔ حقیقتاً دو رکوع تھے اور دوسجدے جیسا کہ دوسری مشہور روایات میں صراحتاً ذکر ہے، ورنہ ایک سجدے کا تو کوئی بھی قائل نہیں، نیز بعض محققین کے نزدیک یہ روایت ضعیف ہے۔ اس صورت میں مذکورہ بالا تطبیق کی ضرورت نہیں رہتی۔ مزید دیکھیے: (ذخیرۃ العقبٰی شرح سنن النسائی: 17؍5۔ 9، وضعیف سنن النسائی، رقم: 1483، وسنن ابن ماجہ بتحقیق الدکتور بشارعواد، حدیث: 1264)
سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ 1485