🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ حافظ محمد امین حفظہ اللہ
1598 ۔ اردو حاشیہ : یہ حدیث پیچھے گزر چکی ہے ۔ تفصیل کے لیے دیکھیے فوائدومسائل حدیث نمبر :...
1598۔ اردو حاشیہ: یہ حدیث پیچھے گزر چکی ہے۔ تفصیل کے لیے دیکھیے فوائدومسائل حدیث نمبر: 1594۔ تعجب ہے بعض لوگوں نے اس سے موسیقی اور سماع کے جواز پر استدلال کیا ہے اور، پھر اس بنیاد پر مجالس سماع ووجد منعقدکی جاتی ہیں جن میں قوال غلط سلط اشعار، جن سے توحید کے بجائے شرک پر زیادہ دلالت ہوتی ہے، آلات موسیقی سمیت الاپتے ہیں اور سامعین نہ صرف سردھنتے ہیں بلکہ وجد میں آخر بے ہودہ حرکات کرتے ہیں۔ اس لہوولعب میں مشغولیت کی بنا پر نماز اور قرآن سے بھی بے نیازی برتی جاتی ہے۔ ذرا سوچیے! کیا یہ اتفاقی اور سادہ واقعہ اتنی بڑی واہیات عمارت کی بنیاد بن سکتا ہے؟ ایک بزرگ نے کیا خوب کہا ہے کہ اگر اس واقعے سے استدلال کرنا ہے تو تمام جزئیات سمیت کیا جائے۔ نابالغ بچیاں صرف دف پر جنگی اشعار پڑھیں۔ داخل ہونے والا اس میں دلچسپی نہ لے بلکہ ان سے منہ موڑ کر ایک طرف لیٹ جائے، پھر کوئی آنے والا انہیں جھڑکے اور ڈانٹے مگر اسے مارنے سے روک دیا جائے، پھر وہ بچیاں بھی خوف زدہ ہو کر چپ ہو جائیں، پھر اشارے سے انہیں بھگا دیا جائے۔ اگر اسے آپ محفل سماع یا بزم غنا کا نام دے سکیں تو بڑے شوق سے ایسی مجلس منعقد فرمائیں۔ ورنہ حدیث کا نام لے کر دین کو بدنام نہ کریں۔ موت کو یاد رکھیں اور تمام قدرتوں کے مالک اللہ تعالیٰ سے ڈریں۔
سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ 1598