🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ حافظ محمد امین حفظہ اللہ
1698۔ اردو حاشیہ : ➊ ظاہر الفاظ سے معلوم ہوتا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم چار رکعات...
1698۔ اردو حاشیہ:
➊ ظاہر الفاظ سے معلوم ہوتا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم چار رکعات ایک سلام سے پڑھتے تھے، پھر چار ایک سلام سے، پھر تین ایک سلام سے۔ یہ طریقہ بھی درست ہے، اسی لیے مصنف رحمہ اللہ نے تین وتر کا باب باندھا ہے کیونکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے نماز تہجد کے متعلق مختلف طریقے منقول ہیں۔ صحیح احادیث کی روشنی میں ان میں سے کوئی سا طریقہ بھی اختیار کیا جا سکتا ہے۔ افضل یہ ہے کہ عمل میں تنوع ہو، کبھی یہ، کبھی وہ، اصل اتباع سنت یہی ہے۔ عموماً رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے نماز تہجد گیارہ رکعات، دودوکر کے اور آخر میں وتر ایک رکعت کی صورت میں منقول ہے، اور یہ طریقہ افضل ہے۔ لیکن کبھی آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے نو رکعات اکٹھی اور بعد میں دورکعات، کبھی سات اور کبھی تیرہ رکعات، آٹھ دو دو کر کے اور پانچ وتر اکٹھے بھی پڑھے ہیں، لہٰذا دودورکعات والی عام روایات کی روشنی میں ان میں تاویل کی گنجائش نہیں۔ اسی طرح چار چار رکعات نماز تہجد میں بھی کوئی حرج نہیں، نہ یہ ممنوع ہیں بلکہ مذکورہ بالاحدیث اس کی مشروعیت کے لیے کافی ہے۔ بعض کا یہ کہنا کہ چار چار س اکٹھی چار چار مراد نہیں بلکہ دیگر احادیث کی روشنی میں دودورکعات ہی مراد ہیں لیکن یہ موقف محل نظر ہے کیونکہ جب احادیث میں ایک ہی نہیں بلکہ کچھ اور طریقے بھی منقول ہیں تو انہیں تسلیم کرنے سے اس طریقے کو بھی ماننے یا عمل میں لانے میں کون سی چیز مانع ہے؟ نماز تہجد کے متعددطریقوں کے لیے دیکھیے: (صلاۃ التراویح، للالبانی، ص: 86۔ 93)
➋ ”زائد نہیں پڑھتے تھے۔“ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا عام معمول گیارہ رکعات ہی تھا۔ گیارہ سے کم بھی پڑھی جا سکتی ہیں کیونکہ کم پڑھنا بھی صحیح احادیث سے ثابت ہے۔
➌ ”دل نہیں سوتا“ اور یہ تمام انبیاء و رسل علیہم السلام کی خصوصیت ہے۔ یہی وجہ ہے کہ انبیاء علیہم السلام کے خواب سچے اور وحی ہوتے ہیں۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا دل حالت نیند میں بھی چونکہ بیدار ہوتا تھا، اس لیے آپ کو حدث (بے وضو ہونا) وغیرہ کا پتا چل جاتا تھا۔ گویا نیند صرف خروج ریح کے خطرے کی بنا پر ناقض وضو ہے۔
سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ 1698