🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ عمر فاروق سعیدی حفظہ اللہ
1281۔ اردو حاشیہ : اذان مغرب کے بعد اقامت سے قبل دو رکعت سنت ادا کرنا مندوب اور مستحب...
1281۔ اردو حاشیہ:
اذان مغرب کے بعد اقامت سے قبل دو رکعت سنت ادا کرنا مندوب اور مستحب عمل ہے۔ عہد رسالت میں صحابہ کرام رضی اللہ عنہم انہیں ذوق و شوق سے پڑھا کرتے تھے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے دو مرتبہ ان کی بابت فرمایا: «صلُّوا قبلَ صلاةِ المغربِ» ”مغرب کی نماز سے قبل نماز پڑھو۔“ تیسری مرتبہ فرمایا: «لمن شاء» ”جس کا دل چاہے۔“ [صحيح بخاري: 1183 وصحيح مسلم: 838]
آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ اس لیے فرمایا کہ کہیں لوگ اسے سنت نہ سمجھ لیں (سنت مؤکدہ نہ بنا لیں۔) صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کا معمول تھا کہ اذان مغرب کے فوراًَ بعد اور اقامت سے پہلے دو رکعتیں پڑھا کرتے تھے جیسا کہ حضرت انس رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ مدینہ منورہ میں مؤذن اذان مغرب سے فارغ ہوتا تو ہم سب ستونوں کی طرف دوڑتے اور دو رکعتیں ادا کرتے، لوگ اس کثرت سے دو رکعتیں پڑھتے کہ نووارد سمجھتا مغرب کی نماز ہو چکی ہے۔ دیکھیے: [صحيح مسلم، صلاة المسافرين، حديث: 837]
نیز مرثد بن عبداللہ ایک مرتبہ حضرت عقبہ بن عامر کے پاس آئے اور کہا کیا یہ عجیب بات نہیں کہ ابوتمیم مغرب کی نماز سے پہلے دو رکعت پڑھتے ہیں؟ حضرت عقبہ بن عامر رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں: ہم بھی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے زمانے میں اسی طرح پڑھتے تھے، انہوں نے پوچھا: اب کیوں نہیں پڑھتے؟ فرمانے لگے کہ مصروفیت کی وجہ سے۔ دیکھیے: [صحيح بخاري: 1184]
علاوہ ازیں صحیح ابن حبان میں مروی ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے خود بھی مغرب سے پہلے دو رکعتیں ادا کی ہیں۔ دیکھیے: [صحيح ابن حبان: 1588]
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے قول و فعل کے ہوتے ہوئے ایسی محبو ب و مرغوب سنت کو قول امام اور فتوائے مذہب کی بنا پر ترک کر دینا بہت بڑی محرومی ہے۔
سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی 1281