🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ عمر فاروق سعیدی حفظہ اللہ
1427. اردو حاشیہ: ➊ دعائے قنوت وتر کی بابت حضرت ابی کعب سے مروی ہے۔رسول اللہ ﷺ تین وتر پڑھتے...
1427. اردو حاشیہ:
➊ دعائے قنوت وتر کی بابت ◈ حضرت ابی کعب رضی اللہ عنہ سے مروی ہے، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم تین وتر پڑھتے اور دعائے قنوت رکوع سے قبل پڑھتے۔ دیکھئے۔ [سنن نسائی، قیام اللیل، حدیث: 1700 و سنن ابن ماجة، إقامة الصلاة، حدیث: 1182]
نیز مصنف ابن ابی شیبہ میں ◈ حضرت عبد اللہ بن مسعود رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور دیگر صحابہ کرام رضوان اللہ عنہم اجمعین کا عمل مذکور ہے کہ یہ قنوت وتر رکوع سے پہلے پڑھتے تھے۔ دیکھئے۔ [مصنف ابن أبي شیبة: 97/2]
واضح رہے کہ مسنون طریق تو یہی ہے کہ وتروں میں دعائے قنوت قبل از رکوع ہو۔ البتہ قنوت نازلہ بالخصوص رکوع کے بعد ہی ثابت ہے۔ تاہم بعض علماء دعائے قنوت وتر رکوع کے بعد پڑھنے کے قائل ہیں اور وہ بھی جائز ہے۔ لیکن علمائے محققین ❀ حافظ ابن حجر رحمۃ اللہ علیہ، ❀ شیخ البانی رحمۃ اللہ علیہ، ❀ صاحب مرعاۃ مولانا عبید اللہ رحمانی رحمۃ اللہ علیہ، ❀ حافظ زبیر علی زئی حفظہ اللہ اور دیگر علمائے کرام نے قنوت وتر قبل از رکوع والی روایات کو زیادہ تر صحیح کہا ہے اور انہیں بعد از رکوع والی روایات پر ترجیح دی ہے۔ جس سے یہ بات سمجھ میں آتی ہے کہ افضل اور اولیٰ یہی ہے کہ قنوت وتر رکوع سے قبل پڑھی جائے۔ (واللہ اعلم)
➋ دعائے قنوت وتر میں ہاتھ اٹھانے کے بارے میں کوئی مرفوع روایت نہیں ہے۔ تاہم مصنف ابن ابی شیبہ میں کچھ آثار ملتے ہیں جن میں صرف ہاتھ اٹھانے کا تذکرہ ہے۔ دیکھئے۔ [مصنف ابن أبي شیبة: 101/2]
بعض علماء کے نزدیک ہاتھ اُٹھا کر یا ہاتھ اُٹھائے بغیر دونوں طریقوں سے قنوت وتر پڑھنا صحیح ہے۔ تاہم ہاتھ اُٹھا کر دعائے قنوت پڑھنا اس لئے راجح ہے کہ ایک تو قنوت نازلہ میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے ہاتھ اُٹھانا ثابت ہے، تو اس پر قیاس کرتے ہوئے قنوت وتر میں بھی ہاتھ اُٹھانا صحیح ہو گا۔ دوسرے بعض صحابہ کرام رضوان اللہ عنہم اجمعین سے قنوت وتر میں ہاتھ اُٹھانے کا ثبوت ملتا ہے۔
➌ عام دعا کے اختتام پر ہاتھوں کو منہ پر پھیرنا گو کسی صحیح حدیث سے ثابت نہیں، مگر بعض صحابہ کرام رضوان اللہ عنہم اجمعین مثلاً ◈ حضرت عبد اللہ بن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہ اور ◈ حضرت عبد اللہ بن زبیر رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے یہ عمل ثابت ہے۔ دیکھئے۔ [الأدب المفرد، حدیث: 609]
اس لئے اس کا جواز ہے۔ تاہم اگر کوئی شخص دعائے قنوت کے بعد اپنے ہاتھ منہ پر نہیں پھیرتا تو اس کا یہ عمل بھی صحیح ہے کیونکہ اس کا ثبوت صحابہ کرام رضوان اللہ عنہم اجمعین سے بھی نہیں ملتا۔
سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی 1427