🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ عمر فاروق سعیدی حفظہ اللہ
1946. اردو حاشیہ: ➊ رسول اللہ ﷺ نے اپنے حج سے ایک سال پہلے نو ہجری میں حضرت ابوبکر کو...
1946. اردو حاشیہ:
➊ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے حج سے ایک سال پہلے نو ہجری میں حضرت ابوبکر کو امیر حج بنا کر روانہ فرمایا تھا اور اس موقع پر سورہ براءۃ (سورہ توبہ)کی آیات کے ذریعے سے کفار سے اعلان براءت کیا گیا تھا۔
➋ مشرکین کو حرم میں داخلہ کی اجازت نہیں۔ انہیں طاقت کے ذریعے سے اس سے روکا جانا ضروری ہے۔
➌ طواف کے لیے ستر واجب ہے۔
➍ یوم النحر (قربانی کا دن)حج اکبر کا دن ہے۔ سورہ توبہ میں ہے ﴿وَأَذ‌ٰنٌ مِنَ اللَّهِ وَرَ‌سولِهِ إِلَى النّاسِ يَومَ الحَجِّ الأَكبَرِ‌ أَنَّ اللَّهَ بَر‌ىءٌ مِنَ المُشرِ‌كينَ ۙ وَرَ‌سولُهُ.......﴾ (التوبه:3) اللہ اور اس کے رسول کی طرف سے لوگوں کو بڑے حج کے دن صاف اطلاع ہے کہ اللہ مشرکوں سے بیزار ہے، اور اس کا رسول بھی۔
➎ حج اکبر سےمراد حج ہے۔جبکہ کچھ روایات میں عمرہ کو حج اصغر سے تعبیر کیا گیا ہے۔ یہ احادیث عوام الناس میں مشہور اس قول کی تردید کرتی ہیں کہ جب یوم عرفہ اور یوم جمعہ جمع ہو جائیں تو وہ حج اکبر ہوتاہے۔ نہیں! بلکہ ہر حج خواہ وہ کسی بھی روز ہو حج اکبر ہی ہوتا ہے۔ جمعہ کے روز یوم عرفہ کا واقع ہونا ایک اتفاقی امر ہے اور اللہ کےہاں قبولیت میں کوئی فرق نہیں۔
سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی 1946