🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ عمر فاروق سعیدی حفظہ اللہ
فوائد و مسائل : ➊ «بضاعة» ’’ با‘‘ کے ضمہ کے ساتھ، مدینہ منورہ کے شمال میں دار بنی...
فوائد و مسائل:
➊ «بضاعة» ” با“ کے ضمہ کے ساتھ، مدینہ منورہ کے شمال میں دار بنی ساعدہ میں ایک مشہور کنواں تھا جو اس جگہ یا اپنے مالک کے نام سے موسوم تھا۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس میں اپنا لعاب بھی ڈالا تھا۔ مریضوں کو اس کے پانی سے نہانے کا کہا جاتا، وہ اس سے غسل کرتے اور شفایاب ہوتے تھے، گویا کسی بندھن سے کھل گئے ہوں۔ [عون المعبود]
➋ حدیث میں جو گندگی ڈالنے کا ذکر آیا ہے وہ اس میں عمداً نہیں ڈالی جاتی تھی بلکہ یہ کنواں ایسی جگہ پر واقع تھا کہ تیز ہوا یا بارش کے پانی وغیر سے بہہ کر یہ سب کچھ اس میں چلا جاتا تھا۔ ورنہ ایسے کام کا کوئی غیر مسلم بھی روادار نہیں ہوتا۔
➌ کنویں کا پانی جاری پانی تھا اور اس کے اوصاف سہ گانہ رنگ، بو اور ذائقہ تبدیل نہ ہوتے تھے۔ ورنہ اگر نجاست کا اثر نمایاں ہو تو پانی بلاشبہ بالاجماع ناپاک ہو گا۔
➍ محدثین کرام کا ذوق تحقیق اور ان کی فقاہت قابل داد ہے کہ امام ابوداؤد کے دور یعنی تیسری صدی ہجری تک یہ کنواں محفوظ تھا، انہوں نے خود جا کر اسے ملاحظہ کیا اور ضروری معلومات حاصل کیں۔
سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی 67