🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

حافظ عمران ایوب لاہوری حفظہ اللہ
«ولا فرق بين قليل وكثير وما فوق القلتين و ما دونهما» ”(اس مسئلہ میں) قلیل اور کثیر پانی کے درمیان...
«ولا فرق بين قليل وكثير وما فوق القلتين و ما دونهما»
”(اس مسئلہ میں) قلیل اور کثیر پانی کے درمیان اور دو مٹکوں سے زیادہ یا کم پانی کے درمیان کوئی فرق نہیں۔“
⟐ حضرت ابن عباس، حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہم، حضرت حسن بصری، حضرت سعید بن مسیب، امام عکرمہ، امام ابن ابی لیلیٰ، امام ثوری، امام داؤد ظاہری، امام نخعی، امام جابر بن زید، امام مالک، امام غزالی، شیخ الاسلام ابن تیمیہ، امام ابن قیم اور شیخ محمد بن عبد الوھاب رحمہم اللہ اجمعین کا یہی موقف ہے۔
⟐ لیکن حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما، امام مجاہد، امام شافعی، امام احمد، احناف اور امام اسحاق رحمہم اللہ اجمعین قلیل اور کثیر پانی کے درمیان فرق و امتیاز کے قائل ہیں۔ (یعنی اگر پانی کثیر ہو گا تو اوصاف ثلثہ میں سے کسی ایک کے بدل جانے پر اس کے نجس ہونے کا حکم لگانے والا اصول و قانون کارفرما ہو گا، لیکن اگر پانی قلیل ہو گا تو مجرو نجاست گرنے سے ہی نجس ہو جائے گا اگرچہ اوصاف ثلثہ میں سے کوئی ایک بھی وصف تبدیل ہوا ہو یا نہ ہوا ہو۔ [نيل الأوطار 69/1] ۱؎
انہوں نے مندرجہ ذیل دلائل سے استدلال کیا ہے:
● ارشاد باری تعالیٰ ہے:
«وَالرُّجْزَ فَاهْجُرْ» ”اور پلیدگی و گندگی سے بچو۔“ [74-المدثر:5]
● حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جب تم میں سے کوئی نیند سے بیدار ہو تو اپنا ہاتھ تین مرتبہ دھونے سے پہلے پانی کے برتن میں نہ ڈالے کیونکہ اسے معلوم نہیں رات بھر اس کا ہاتھ کہاں کہاں گردش کرتا رہا۔“ [صحیح مسلم: ف 278، د 643] ۲؎
● حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”تم میں سے کسی کے برتن میں جب کتا منہ ڈال جائے تو اسے (یعنی اس کے پانی کو) بہا دینا چاہیے پھر اسے سات مرتب ھونا چاہیے۔“ [مسلم ف 279، د 648] ۳؎
● حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”تم میں سے کوئی بھی کھڑے پانی میں پیشاب نہ کرے اور پھر اس میں غسل کرے۔“ [صحيح بخاري 239] ۴؎
● حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جب پانی کی مقدار دو بڑے مٹکوں کے برابر ہو تو وہ نجاست کو قبول نہیں کرتا۔ [أبوداود 63] ۵؎
● ایک روایت میں ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اپنے دل سے پوچھو، نیکی وہ ہے جس پر نفس اور دل مطمئن ہو جائے اور گناہ وہ ہے جو نفس میں کھٹکتا ہے اور سینے میں متردد ہوتا ہے اگرچہ لوگ تمہیں اس کا فتوی دیں یا تم انہیں اس کا فتوی دو۔ [صحيح الجامع الصغير 948] ۶؎
● رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جس کام میں شک ہو اسے چھوڑ کر ایسے کام کو اختیار کرو جس میں شک نہ ہو۔“ [ترمذي 2019] ۷؎
حقیقت یہ ہے کہ اگرچہ گذشتہ دلائل سے امام احمد رحمہ اللہ اور احناف وغیرہ نے قلیل و کثیر پانی کے درمیان فرق کی کوشش کی ہے لیکن ان میں ان کے مطلوب و مقصود کے لیے کوئی واضح دلالت و رہنمائی موجو نہیں۔ [الروضة الندية 62/1]
قلیل و کثیر پانی کی تعیین میں فقہاء نے اختلاف کیا ہے۔
(شافعیہ، حنابلہ) قلیل و کثیر کے درمیان حد فاصل حدیث قلتین ہے۔ [الأم للشافعي 541] ۸؎
حدیث قلتین سے مراد حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے مروی وہ حدیث ہے جس میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
«إِذَا كَانَ الْمَاءُ قُلَّتَيْنِ لَمْ يَحْمِلِ الْخَبَثَ»
”جب پانی دو مٹکوں کے برابر ہو تو نجاست کو قبول نہیں کرتا۔“ [صحيح: ترمذي 67] ۹؎
بعض حضرات نے اس حدیث کی سند اور متن کو مضطرب کہا ہے۔
لیکن یہ صحیح ہے جیسا کہ شیخ عبدالقادر ارنؤوط، حافظ ابن حجر، امام حاکم، امام ابن مندہ، امام ابن خزیمہ، امام ابن حبان، امام طحاوی، امام نووی اور امام ذہبی رحمہم اللہ اجمعین نے اسے صحیح کہا ہے۔
[تخريج جامع الأصول 65/7، فتح الباري 277/1، التعليقات الرضية على الروضة الندية للألباني 92/1، البدر المنير 91/2، نصب الراية 107/1]
جس روایت میں قلتین کو قبیلہ ھجر کے مٹکوں کے ساتھ مقید کیا گیا ہے وہ ضعیف ہے کیونکہ اس کی سند میں مغیرہ بن سقلاب راوی منکر الحدیث ہے۔ [تلخيص الحبير 20/1]
بالفرض اگر قبیلہ ھجر کے مٹکوں کے پانی کا حساب لگایا جائے تو دو مٹکوں کے پانی کی مقدار پانچ سو رطل بنتی ہے۔ [سبل السلام 13/1]
علاوہ ازیں اس حدیث کا مفہوم یہ ہے کہ جب پانی قلتین (یعنی دو مٹکوں) تک پہنچ جائے تو نجس نہیں ہوتا اور جب قلتین سے کم ہو تو نجس ہو جاتا ہے۔
(ابوحنیفہ) کثیر پانی وہ ہے کہ جس کی ایک طرف کو حرکت دی جائے تو دوسری طرف متحرک نہ ہو۔
( ابویوسف، محمد) دس ہاتھ چوڑے اور دس ہاتھ لمبے حوض میں موجود پانی کثیر ہے اور جو اس سے کم جگہ میں ہے وہ قلیل ہے۔ [فتح القدير 55/1] ۱۰؎
(بغوی) (تالاب کے پانی کو) حرکت دینے والی بات تو انتہائی جہالت پر مبنی ہے کیونکہ حرکت دینے والوں کی حالت قوت و ضعف میں مختلف ہوتی ہے۔ (یعنی اگر کوئی کمزور شخص حرکت د ے گا تو ممکن ہے کہ دوسرا کنارہ متحرک نہ ہو اور اگر کوئی قوی و طاقتور حرکت دے تو دوسرا کنارہ متحرک ہو جائے گا، لہٰذا ایہ قاعدہ ناقابل قبول ہے۔) اور دو دردہ والا مسئلہ بھی محض عقلی ہے شریعت میں اس کا کوئی ثبوت نہیں۔ [شرح السنة 59/2 -60] ۱۱؎
(ابن حزم) حنفیہ کا قول بڑا عجیب ہے کہ پانی کا حوض اتنا بڑا ہو کہ ایک طرف کو حرکت دیں تو دوسری جانب متحرک ہو جائے۔ اے کاش! ہمیں پتہ ہوتا کہ یہ حرکت کیسے دی جائے گی؟ آیا بچے کی انگلی سے؟ کسی تنکے سے، دھاگے سے، تیراک کے تیرنے سے، ہاتھی کے گرنے سے، چھوٹی کنکری سے، منجنیق کے پتھر سے یا حوض کے گر جانے سے۔ اللہ کا شکر ہے جس نے ہم کو ان غلط فہمیوں سے محفوظ رکھا۔ [المحلى بالآثار 150/1]
(راجح) اس حدیث کو اجماع یعنی «إلا أن تغير ريحه أو طعمه أو لونه» کے ساتھ اسی طرح مقید کیا جائے گا جیسے حدیث «المآء طهور لا ينجسه شي» کو اجماع کے ساتھ مقید کیا گیا ہے۔ پھر اس کا مطلب یہ ہو گا کہ جب پانی دو مٹکوں کے برابر ہو تو نجس نہیں ہوتا لیکن اگر اوصاف ثلثہ میں سے کوئی وصف نجاست گرنے کی وجہ سے متغیر ہو جائے تو بالاجماع نجس ہو جائے گا اور اگر دو مٹکوں سے کم ہو اور کوئی وصف متغیر نہ ہو تو حدیث «لا ينجسه شئ» کی وجہ سے محض نجاست گرنے سے نجس نہیں ہو گا بلکہ اپنی اصل (طہارت) پر باقی رہے گا۔ [نيل الأوطار 70/1، الروضة الندية 59/1]
علاوہ ازیں حدیث قلتین سے یہ استدلال کرنا کہ دو مٹکوں سے کم پانی مجرد گندگی گرنے سے نجس ہو جاتا ہے مفہوم ہے جو کہ صریع منطوق «لا أن تغير ريحه أو طعمه أو لونه» کے خلاف ہے اور اصول میں یہ بات مسلم ہے کہ جب مفہوم منطوق کے مخالف ہو تو قابل حجت نہیں ہوتا۔
------------------
۱؎ [نيل الأوطار 69/1، السبل الجرار 54/1، التعليق على سبل السلام للشيخ عبدالله بسام 18/1، الالروضة الندية 61/1، 63]
۲؎ [مسلم: ف 278، د 643، كتاب الطهارة: باب كراهة غمس المتوضي . . .، مسند ابي عوانة 263/1، بيهقي 45/1، موطا 21/1، أحمد 465/2، بخاري مع الفتح 363/1]
۳؎ [مسلم ف 279، د 648، كتاب الطهارة: باب حكم ولوغ الكلب، نسائي 176/1، ابن الجارود 51، دارقطني 64/1، بيهقي 18/1، أحمد 253/2، ابن خزيمة 98/1، ابن حبان 1296، طبراني اوسط 93/1]
۴؎ [بخاري 239، كتاب الوضوء: باب البول فى الماء الدائم، مسلم 282، أبوداود 69، نسائي 49/1، ترمذي 68، شرح معاني الآثار 14/1، بيهقي 256/1، ابن حبان 1251، ابن خزيمة 66، مصنف عبدالرزاق 299، مسند أبى عوانة 276/1، دارمي 186/1، مصنف ابن ابي شيبة 141/1، أحمد 492/2]
۵؎ [صحيح: صحيح أبو داود 56، كتاب الطهارة: باب ما ينحس الماء، أبوداود 63، ترمذي 67، أحمد 27/2، نسائي 175/1، ابن ماجة 517، ابن خزيمة 92]
۶؎ [حسن: صحيح الجامع الصغير 948، دارمي 246/2، فيض القدير 492/1، التاريخ الكبير للبخاري 144/1]
۷؎ [صحيح: إرواء الغليل 12، ترمذي 2019، كتاب صفة القيامة والرقالق والورع: باب منه، نسائي 327/8، أحمد 200/1، حاكم 13/2، ابن حبان 512 الموارد، الحلية لأبي نعيم 264/8، شرح السنة للبغوي 210/4، عبدالرزاق 117/3]
۸؎ [الأم للشافعي 54/1، نيل الأوطار 70/1، سبل السلام 18/1]
۹؎ [صحيح: إرواء الغليل 60/1، 23، ترمذي 67، كتاب الطهارة: باب منه آخر، شرح السنة 369/1، ابن الجارود 46، شرح معاني الآثار 15/1، مشكل الآثار 266/3، مصنف ابن أبى شيبة 144/1، بيهقي 260/1، دارقطني 13/1 -23، حاكم 132/1، ابن خزيمة 92، ابن ماجة 517، نسائي 175/1، احمد 27/2]
۱۰؎ [فتح القدير 55/1، المبسوط 61/1، الهداية 18/1]
۱۱؎ [شرح السنة 59/2 -60، الروضة الندية 64/1]
* * * * * * * * * * * * * *

فقہ الحدیث، جلد اول 130