🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

حافظ عمران ایوب لاہوری حفظہ اللہ
جس پانی میں بلی منہ ڈال جائے اس کا حکم ایسے پانی سے وضو کرنا مباح و درست ہے...
جس پانی میں بلی منہ ڈال جائے اس کا حکم
ایسے پانی سے وضو کرنا مباح و درست ہے جیسا کہ مندرجہ ذیل دلائل اس پر شاہد ہیں:
➊ حضرت کبثہ رضی اللہ عنہا سے مروی ہے کہ حضرت ابوقتادہ رضی اللہ عنہ ان کے پاس تشریف لائے تو انہوں نے حضرت ابوقتادہ رضی اللہ عنہ کے لیے وضو کا پانی ڈالا۔ (اچانک) ایک بلی آئی اور اس برتن سے پینے لگی۔ اس پر حضرت ابوقتادہ رضی اللہ عنہ نے مزید اس برتن کو بلی کے لیے ٹیڑھا کر دیا حتی کہ بلی نے اس سے پی لیا۔ حضرت کبثہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ حضرت ابوقتادہ رضی اللہ عنہ نے اس وقت مجھے دیکھ لیا جب میں انہیں دیکھ رہی تھی تو انہوں نے کہا: ”اے بھتیجی! کیا تو تعجب کرتی ہے؟ تو میں نے کہا: ”ہاں“ پھر انہوں نے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے:
«إِنَّهَا لَيْسَتْ بِنَجَسٍ إِنَّمَا هِيَ مِنَ الطَّوَّافِينَ عَلَيْكُمْ»
”یہ نجس و پلید نہیں ہے، یہ تو تم پر پھرنے والی ہے۔“ [أبو داود 75] ۱؎
➋ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے مروی ہے کہ
«وَقَدْ رَأَيْتُ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، يَتَوَضَّأُ بِفَضْلِهَا»
”بے شک میں نے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کو دیکھا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم اس کے (یعنی بلی کے) بچے ہوئے پانی سے وضو کر لیتے تھے۔“ [أبو داود 76] ۲؎
(امام شافعی، امام احمد، امام مالک) بلی کا جوٹھا پانی پاک ہے۔ امام لیث، امام ثوری، امام اوزاعی، امام اسحاق، امام ابوثور، امام ابوعبید، امام علقمہ، امام ابراہیم، امام عطاء، امام حسن، امام ابن عبدالبر، اور امام ابویوسف رحمہ اللہ اجمعین کا بھی یہی موقف ہے۔
(امام ابوحنیفہ) بلی کا جوٹھا درندے کے جوٹھے کی طرح نجس ہے، لیکن اس میں کچھ تخفیف کی گئی ہے اور وہ یہ ہے کہ بلی کا بچا ہوا کراہت کے ساتھ پاک ہے۔ [المجموع 224/1، المبسوط 38/1]
◈ ان کی دلیل یہ حدیث ہے ”بلی درندہ ہے۔“ [أحمد 327/2] ۳؎
↰ اس کا جواب یوں دیا گیا ہے:
➊ گذشتہ صحیح حدیث سے اس کی تخصیص ہو جاتی ہے۔
➋ درندگی نجاست کو مستلزم نہیں یعنی یہ ضروری نہیں کہ جو درندہ ہو نجس بھی ہو۔ [نيل الأوطار 79/1]
(راجح) ائمہ ثلاثہ کا موقف برحق ہے۔ [تحفة الأحوذي 326/1]

6- ایک من گھڑت روایت
جس روایت میں مذکور ہے:
«حب الهرة من الإيمانه»
”بلی سے محبت کرنا ایمان سے ہے۔“
وہ موضوع ومن گھڑت ہے۔ [تحفة الأحوذي 327/1] ۴؎
* * * * * * * * * * * * * *
۱؎ [حسن: صحيح أبى داود 68، كتاب الطهارة: باب سؤر الهرة، أبو داود 75، ترمذي 92، ابن ماجة 367، نسائي 55/1، مؤطا 23/1، مسند شافعي 39، أحمد 303/5، ابن خزيمة 104، دارقطني 70/1، حاكم160/1، بيهقي 240/1، عبدالرزاق 353، ابن أبى شيبة 31/1، شرح السنة 376/1، شرح معاني الآثار 18/1، مشكل الآثار 270/3]
۲؎ [صحيح: صحيح أبو داود 69، كتاب الطهارة: باب سؤر الهرة، أبو داود 76، طبراني اوسط 36/1، دارقطني 70/1، مشكل الآثار 270/3، بيهقي 246/1]
۳؎ [أحمد 327/2، دارقطني 63/1، حاكم 183/1]
۴؎ [تحفة الأحوذي 327/1، مرقاة المفاتيح 188/2، كشف الخفاء 415/1]
فقہ الحدیث، جلد اول 141