🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

حافظ عبداللہ شمیم حفظہ اللہ
شرح الحدیث: اس حدیث میں الله تعالٰی کی وسعت رحمت کا ذکر ہے۔ حدیث کے اس جملہ پر غور فرمائیں:...
شرح الحدیث:
اس حدیث میں الله تعالٰی کی وسعت رحمت کا ذکر ہے۔ حدیث کے اس جملہ پر غور فرمائیں: ((إِنَّ رَحْمَتِيْ سَبَقَتْ غَضَبِيْ)) "یقیناً میری رحمت میرے غصہ پر غالب ہے۔ "
علامہ طیبی فرماتے ہیں: "رحمت کے غالب ہونے میں اشارہ ہے کہ رحمت کے مستحقین بھی تعداد کے لحاظ سے غضب کے مستحقین پر غالب رہیں گے، رحمت ایسے لوگوں پر بھی ہوگی جن سے نیکیوں کا صدور ہی نہیں ہوا۔ برخلاف اس کے غضب کے کہ وہ ان ہی لوگوں پر ہوگا جن سے گناہوں کا صدور ثابت ہوگا۔ "
(فتح الباری: 292/6 - عمدة القاری: 258/12 - ارشاد الساری: 251/5)
رب کریم کی رحمت بہت وسیع ہے، ارشاد فرمایا:
وَرَحْمَتِي وَسِعَتْ كُلَّ شَيْءٍ ۚفَسَأَكْتُبُهَا لِلَّذِينَ يَتَّقُونَ وَيُؤْتُونَ الزَّكَاةَ وَالَّذِينَ هُم بِآيَاتِنَا يُؤْمِنُونَ (الاعراف: 156)
"میری رحمت نے ہر چیز کو اپنے دامن میں لے رکھا ہے، اور اس کے مستحق وہ لوگ ہیں جو تقوی اور زکوة کی ادائیگی کے ساتھ ہماری نشانیوں پر ایمان رکھتے ہیں۔ "
دوسرے مقام پر فرمایا:
إِنَّ رَحْمَتَ اللهِ قَرِيْبٌ مِّنَ الْمُحْسِنِيْنَ (الاعراف: 56)
"یقیناً الله کی رحمت نیک لوگوں کے قریب ہوا کرتی ہے۔ "
سیدنا عمر بن خطاب رضی الله عنہ فرماتے ہیں کہ رسول الله صلی الله علیہ وسلم کے پاس قیدی لائے گئے۔ ایک عورت ان میں سے کسی کو ڈھونڈھتی تھی، جب اس نے ایک بچے کو پایا ان قیدیوں میں سے تو اس کو اٹھایا اور پیٹ سے لگایا اور دودھ پلایا۔ رسول الله صلی الله علیہ وسلم نے ہم سے پوچھا: ”کیا سمجھتے ہو یہ عورت اپنے بچے کو آگ میں ڈال دے گی؟“ ہم نے کہا: نہیں، الله کی قسم وہ کبھی ڈال نہ سکے گی۔ آپ صلی الله علیہ وسلم نے فرمایا: ”البتہ الله تعالیٰ اپنے بندوں پر زیادہ مہربان ہے اس سے جتنی یہ عورت اپنے بچہ پر مہربان ہے۔“ (صحیح مسلم، کتاب التوبة، رقم: 6978)
اس حدیث سے مخلوق کی ابتداء بتانا مقصود ہے، اسی لیے امام بخاری رحمة الله علیہ اس کو «بَابُ مَا جَاءَ فِيْ قَوْلِ اللهِ تَعَالىٰ» «وَهُوَ الَّذِىْ يَبْدَأُ الْخَلْقَ، وَهُوَ أَهْوَنُ عَلَيْهِ» میں لائے ہیں۔ یعنی "اور الله تعالىٰ نے (سورہ روم میں) جو فرمان ہے اس کی تفسیر کہ الله ہی ہے جس نے مخلوق کو پہلی دفعہ پیدا کیا، اور وہی پھر دوبارہ (موت کے بعد) زندہ کرے گا اور یہ (دوبارہ زندہ کرنا) تو اس پر اور بھی آسان ہے۔ "
صحیفہ ہمام بن منبہ شرح حافظ عبداللہ شمیم 15