🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ صفی الرحمن مبارکپوری رحمہ اللہ
210 لغوی تشریح : «فَأَسْبِغِ اَلْوُضُوءَ» «أَسْبِغِ» امر کا صیغہ ہے ، مبالغہ کرو، پوری طرح کرو ۔ «تَعْتَدِلَ...
210 لغوی تشریح:
«فَأَسْبِغِ اَلْوُضُوءَ» «أَسْبِغِ» امر کا صیغہ ہے، مبالغہ کرو، پوری طرح کرو۔
«تَعْتَدِلَ» اعتدال پر آ جائیں، برابر اپنی جگہ پر آ جائیں۔
«قَائِمًا» سیدھے کھڑے ہونا جس میں رکوع سے سر اٹھانے کے بعد کچھ بھی جھکاؤ نہ ہو۔
«فَأَقِمْ صُلْبَكَ» رکوع سے جب سر اٹھائے تو اپنی پشت اس طرح سیدھی کر کہ اس میں کسی قسم کا ٹیڑھ اور جھکاؤ نہ ہو۔
«اَلْعِظَامُ» ہڈیاں۔ پشت کی ہڈیاں اور اس کے جوڑ مراد ہیں۔ ریڑھ کی ہڈی بھی ہو سکتی ہے۔
«يُثْنِيَ عَلَيْهِ» باب افعال سے ہے اور ”یا“ پر ضمہ ہے۔ اس کی حمد و بزرگی بیان کرے اور تعریف بھی مبالغے کی حد تک کرے۔
«وهلِّلْهُ» «تهليل» سے امر کا صیغہ ہے مطلب ہے کہ «لا اله الا الله» کہو۔ یہ حدیث حدیث «مسي الصلاة» کے نام سے مشہور و معروف ہے۔

فوائد و مسائل:
اس حدیث میں نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے نمازی کو ارکان نماز پورے اطمینان اور سکون کے ساتھ ادا کرنے کی ہدایت فرمائی ہے، لہٰذا ہر رکن نماز کے اندر اور دو ارکان کے درمیانی وقفہ میں اطمینان و اعتدال واجب ہے۔
➋ حدیث کے الفاظ «ثُمَّ اِقْرَأْ مَا تَيَسَّرَ» سے ظاہر ہوتا ہے کہ قراءت قرآن واجب ہے، ایک دوسری روایت میں «ثُمَّ اِقْرَأْ بِأُمِّ الْقُرْآنِ» کے الفاظ بھی منقول ہیں۔ اس سے معلوم ہوا کہ «مَا تَيَسَّ» اور «بِأُمِّ الْقُرْآنِ» دونوں ایک ہی معنی دے رہے ہیں اور وہ فاتحہ ہی ہے۔
➌ اس حدیث میں نماز کی ترتیب اور اعتدال کی تعلیم دی گئی ہے۔
➍ امام مقتدی اور منفرد سب کو سوچنا چاہیے کہ وہ کیا کر رہے ہیں اور اعتدال کو ملحوظ رکھ رہے ہیں یا نہیں؟ اگر نہیں تو نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے ایسے شخص کو بدترین چور اور ایسی نماز کو منافق کی نماز قرار دیا ہے۔

راوی حدیث:
رفاعۃ بن رافع بن مالک رضی اللہ عنہ، ابومعاذ ان کی کنیت ہے، زرقی انصاری مدنی مشہور ہیں۔ جلیل القدر صحابی ہیں۔ یہ اپنے باپ کے ساتھ بیعت عقبہ میں حاضر تھے۔ ان کے والد انصار میں سب سے پہلے اسلام قبول کرنے والے ہیں۔ رفاعہ بن رافع رضی اللہ عنہ بدر و احد اور باقی سب غزوات میں شریک رہے ہیں۔ جنگ جمل و صفین میں حضرت علی رضی اللہ عنہ کے طرف داروں میں شامل تھے۔ امیر معاویہ رضی اللہ عنہ کی خلافت کے شروع میں 41 ہجری میں وفات پائی۔
بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری 210