🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ صفی الرحمن مبارکپوری رحمہ اللہ
211لغوی تشریح : «حَذْوَ مَنْكِبَيْهِ» «اَلْحَذْوَ» کی ”خا“ پر فتحہ اور ”ذال“ ساکن ہے۔ مقابل ، برابر ۔ دونوں...
211لغوی تشریح:
«حَذْوَ مَنْكِبَيْهِ» «اَلْحَذْوَ» کی ”خا“ پر فتحہ اور ”ذال“ ساکن ہے۔ مقابل، برابر۔ دونوں ہاتھوں کو کندھوں کے مقابل (برابر) اٹھاتے۔ «اَلْمَنْكِبْ» ”میم“ پر فتحہ اور ”نون“ ساکن اور”کاف“ کے نیچے کسرہ ہے۔ کندھے اور بازو کی ہڈی کے ملنے کی جگہ۔
«أَمْكَنَ يَدَيْهِ مِنْ رُكْبَتَيْهِ» «رُكْبَتَيْة» پنڈلی اور ران کی ہڈی کے ملنے کی جگہ کو کہتے ہیں۔ «أَمْكَانَ» بمعنی «تمكين» ہے، مضبوطی سے پکڑنا۔ یعنی دونوں ہاتھوں سے دونوں گھٹنوں کو مضبوطی سے پکڑ لیا۔
«هَصَرَ ظَهْرِهِ» اپنی کمر جھکائی‘ پشت نیچے کی۔
«فَقَارٍ» ”فا“ پر فتحہ اور ”قاف“ مخفف ہے۔ پشت کی وہ ہڈی جو اوپر سے نیچے والے جوڑوں کو باہم ملاتی ہے۔
«غَيْرَ مُفْتَرِشٍ» نہ بچھانے والے اپنے بازوؤں کو۔
«وَلَا قَابِضِهِمَا» ‏‏‏‏ اور نہ اپنے ہاتھوں کو اپنے پہلوؤں کی طرف سکیڑنے، سمیٹنے والے۔
«قَدَّمَ رِجْلَهُ اَلْيُسْرَى» «قَدَّمَ» «تقديم» سے ماخوذ ہے جس کے معنی آگے بڑھانا، دراز کرنا۔ یعنی دائیں ران کے نیچے سے بڑھا کر دوسری جانب نکالنا۔
«نَصَبَ» کھڑا رکھنا، قائم کرنا، یعنی آپ نے دایاں پاؤں کھڑا رکھا۔
«وَقَعَدَ عَلَى مَقْعَدَتِهِ» اور بائیں چوتڑ پر بیٹھ گئے۔ اس حالت کو «تورك» کہتے ہیں۔

فوائد و مسائل:
اس حدیث میں نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی نماز کی کیفیت بیان کی گئی ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم ارکان نماز کو کس طرح ادا فرماتے تھے۔ لہٰذا اہل ایمان کو اسی طرح نماز ادا کرنے کی حتی الامکان کوشش کرنی چاہیے۔
➋ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد گرامی ہے «صَلُّوا كَمَا رَأَيْتُمُونِي أُصَلِّي» ”نماز پڑھو جس طرح تم نے مجھے نماز پڑھتے دیکھا ہے۔“ [صحيح البخاري: كتاب الاذان: باب الاذان للمسافر إذا كانوا جماعة، والإقامة، وكذلك بعرفة وجمع، 631]
ہر مسلمان کو اپنی پوری کوشش کرنی چاہئے کہ نماز اسی طرح آرام، سکون اور اطمینان سے ٹھر ٹھہر کر ادا کرے جس طرح آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے عملاً تعلیم دی ہے۔ جلدی جلدی ارکان نماز ادا کر کے نماز کو خراب نہیں کرنا چاہیے۔ تنگ وقت میں جلدی جلدی نماز پڑھنے والے کو کوے ٹھونگوں سے تشبیہ دے کر منافق کی نماز قرار دیا گیا ہے۔ [سنن ابي داود/أبواب تفريع استفتاح الصلاة: 862]
➌ نمازیوں کو بہت فکر کرنی چاہیے کہ کہیں ایسا نہ ہو کہ نمازیں بھی پڑھیں اور حاصل بھی کچھ نہ ہو۔ ایسی نمازوں کا کیا فائدہ ہے۔

راوی حدیث:
ابوحمید الساعدی رضی اللہ عنہ، ابوحمید تصغیر کے ساتھ، ان کا نام عمرو تھا۔ اور یہ بھی کہا گیا ہے کہ ان کا نام منذر بن سعد بن منذر تھا۔ بعض نے مالک انصاری خزرجی مدنی بھی نام بتایا ہے۔ خزرج کے باپ ساعدہ کی طرف منسوب ہونے کی وجہ سے ساعدی کہلائے۔ احد اور اس کے بعد کے غزوات میں شریک ہوئے۔ امیر معاویہ رضی اللہ عنہ کے دور امارت کے آخر میں یا یزید کے شروع دور 61 ہجری میں فوت ہوئے۔
بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری 211