🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ صفی الرحمن مبارکپوری رحمہ اللہ
تخریج: «أخرجه البخاري، التهجد، باب قيام النبي صلي الله عليه وسلم بالليل في رمضان وغيره، حديث:1147، ومسلم، صلاة المسافرين،...
تخریج:
«أخرجه البخاري، التهجد، باب قيام النبي صلي الله عليه وسلم بالليل في رمضان وغيره، حديث: 1147، ومسلم، صلاة المسافرين، باب صلاة الليل، حديث: 738.»
تشریح:
اس حدیث سے کئی مسئلے معلوم ہوتے ہیں:
➊ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا دل نہیں سوتا تھا، صرف آنکھیں سوتی تھیں۔ اور یہ آپ کی خصوصیت تھی بلکہ [صحیح بخاری] کی ایک روایت میں ہے: ”تمام انبیاء کے دل جاگتے اور آنکھیں سوتی ہیں۔“ [صحیح البخاري، المناقب، باب کان النبي صلی اللہ علیہ وسلم تنام عینہ ولاینام قلبہ، حدیث: 3570]
➋ گہری نیند جس میں دل غافل ہو جائے، ناقضِ وضو ہے۔
➌ نمازِ تہجد عمدہ طریقے سے ٹھہر ٹھہر کر پڑھنی چاہیے۔
➍ ثابت ہوا کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے نمازِ تراویح گیارہ رکعت ہی پڑھی ہے۔ اس سلسلے میں حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کی روایت قابل ترجیح ہے، اس لیے کہ آپ یہ نماز گھر ہی میں ادا فرمایا کرتے تھے۔ آپ کے وہ اعمال جو آپ عموماً گھر میں سرانجام دیتے تھے بالخصوص رات کے اعمال، ان کی صحیح خبر اہل خانہ ہی کو ہو سکتی ہے۔
بیس رکعت تراویح کے متعلق ایک بھی صحیح حدیث نہیں ہے۔
◈ عبد بن حمید اور طبرانی نے ابوشیبہ، ابراہیم بن عثمان، عن الحکم، عن مقسم، عن ابن عباس کے طریق سے جو روایت نقل کی ہے کہ: ”نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے بیس رکعت تراویح پڑھی۔“ وہ سخت ضعیف ہے کیونکہ ابوشیبہ کے بارے میں امام احمد، ابن معین، امام بخاری، امام مسلم، ابوداود، ترمذی اور نسائی رحمہم اللہ سبھی کی یہ رائے ہے کہ یہ شخص ضعیف ہے۔
◈ امام شعبہ رحمہ اللہ نے تو اسے کذاب قرار دیا ہے۔
اس کے مقابل صحیح مرفوع روایات میں آٹھ رکعت تراویح کا ذکر ہے، اس لیے تراویح آٹھ رکعت ہی سنت ہے۔
◈ علامہ ابن ہمام رحمہ اللہ نے [ہدایہ] کی شرح [فتح القدیر] میں یہی کہا ہے کہ: ”تراویح کی مسنون تعداد آٹھ رکعات ہے اور اس سے زائد مستحب اور نفل ہیں۔“
◈ اسی طرح علامہ محمد انور شاہ کاشمیری رحمہ اللہ سابق شیخ الحدیث دارالعلوم دیوبند نے [عرف الشذی] میں کہا ہے کہ: ”یہ تسلیم کیے بغیر چارہ نہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے تراویح آٹھ رکعت ہی پڑھی ہے اور کسی روایت سے یہ بھی ثابت نہیں کہ آپ نے تراویح اور تہجد علیحدہ علیحدہ پڑھی ہوں۔“
➎ اس حدیث کے آخری حصے سے یہ بھی ثابت ہوتا ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے نمازِ تہجد کی دس رکعتیں بھی پڑھی ہیں اور آخر میں ایک وتر پڑھا۔ یوں یہ کل گیارہ رکعتیں ہوئیں۔
➏ نیز یہ بھی معلوم ہوا کہ آپ نے کبھی تیرہ رکعت بھی پڑھی ہیں۔ جس میں آٹھ نفل اور پانچ وتر ہوتے یا پھر فجر کی دو سنتیں ملا کر 13 رکعتیں ہوتیں۔
بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری 298