🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ حافظ محمد امین حفظہ اللہ
اردو حاشہ: (1) کفار کی ہلاکت گاہوں کا تعین وحی سے تھا، لہٰذا ہر مقتول آپ کی بیان کردہ جگہ...
اردو حاشہ:
(1) کفار کی ہلاکت گاہوں کا تعین وحی سے تھا، لہٰذا ہر مقتول آپ کی بیان کردہ جگہ ہی میں مرا۔
(2) کنویں میں انھیں پھینکنا تعفن سے بچنے کے لیے تھا، نیز اس میں کچھ ان کے جسموں کی حفاظت بھی تھی۔ معلوم ہوا کافر کی لاش کو بھی محفوظ کیا جا سکتا ہے۔
(3) ”بلند آواز سے پکارا“ روایت کے ظاہر الفاظ سے یہی معلوم ہوتا ہے کہ ان مقتولین نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے الفاظ سنے۔ اس سے استدلال کیا گیا ہے کہ مردے سنتے ہیں لیکن ان میں حس و حرکت نہیں ہوتی، یعنی جواب نہیں دے سکتے۔ جو اہل علم اس کے قائل نہیں ہیں، وہ اس حدیث میں سماع کو علم کے معنیٰ میں لیتے ہیں بلکہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے تو یہ الفاظ آتے ہیں کہ آپ نے اسمع کے بجائے أعلم کے لفظ ہی ارشاد فرمائے تھے۔ دیکھیے، (صحیح البخاري، المغازي، حدیث: 3979) یعنی اب ان کو پتا چل چکا ہے کہ اللہ تعالیٰ کے وعدے سچے تھے۔ ان کے نزدیک أسمع کا لفظ سننے والے صحابی کی غلط فہمی ہے۔ مگر محققین نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا کی اس توجیہ کو تسلیم نہیں کیا، اس لیے کہ وہ موقع پر موجود نہ تھیں جبکہ راویٔ حدیث حضرت عمر رضی اللہ عنہ موقع کے گواہ ہیں، البتہ مجازاً ”سماع“ سے علم مراد لیا جا سکتا ہے کیونکہ سماع، علم کا سبب ہے۔ سبب بول کر مسبب مراد لینا بلغاء کے کلام میں عام ہے۔ بعض اہل علم نے کہا ہے اصل یہی ہے کہ مردے نہیں سنتے مگر اللہ تعالیٰ چاہے تو انھیں کبھی کبھار کوئی بات سنا سکتا ہے۔ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی باتیں بھی اللہ تعالیٰ نے انھیں سنا دیں تاکہ ان کی ندامت، حسرت، افسوس اور عذاب میں اضافہ ہو۔ حضرت قتادہ نے یہی مفہوم مراد لیا ہے۔ (صحیح البخاري، المغازي، حدیث: 3976) تمام نصوص کو تسلیم کرنے کے لیے یہ توجیہ بہت مناسب ہے۔ ورنہ کسی نہ کسی نص کا انکار لازم آئے گا۔
سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ 2076