🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ حافظ محمد امین حفظہ اللہ
اردو حاشہ: دوسرے صحابی حضرت ابوموسیٰ اشعری رضی اللہ عنہ تھے، وہ احتیاطاً افطار میں دیر اور سحری میں جلدی...
اردو حاشہ:
دوسرے صحابی حضرت ابوموسیٰ اشعری رضی اللہ عنہ تھے، وہ احتیاطاً افطار میں دیر اور سحری میں جلدی فرماتے تھے، مگر احتیاط اتنی لمبی نہیں چاہیے کہ مسنون عمل میں تبدیلی آجائے، احتیاط تو چند منٹ کی ہوتی ہے، البتہ اس حدیث کا یہ مطلب نہیں کہ سورج غروب ہونے کا یقین کیے بغیر جلدی روزہ کھول لیا جائے یا صبح کی اذان کے دوران میں بھی سحری کھانے کی عادت ڈال لی جائے۔ کیونکہ اس طرح روزہ ضائع ہو سکتا ہے۔ بعض جلد باز حضرات غلط سلط کلینڈروں کو دیکھ کر سیکنڈوں کے حساب سے روزہ کھولتے ہیں، حالانکہ ضروری ہے کہ کلینڈر محکمہ موسمیات اور صدگاہوں کے ماہرین کا تصدیق شدہ ہو یا پھر کلینڈر کو سورج دیکھ کر مصدقہ بنا لیا جائے۔ کلینڈروں میں دوسرے شہروں کے اوقات میں فرق یکساں نہیں ہوتا، مثلاً: لاہور سے فیصل آباد کا فرق کسی کلینڈر میں دس منٹ، کسی میں نو، کسی میں آٹھ، کسی میں چھ، کسی میں پانچ منٹ لکھا ہوتا ہے، لہٰذا کلینڈر کی رو سے روزہ افطار کرنے والے حضرات غیر معیاری کلینڈروں سے اپنا روزہ ضائع نہ کریں۔ جب تک غروب کا یقین نہ ہو، روزہ نہیں کھولنا چاہیے۔ یقین سے مراد آنکھوں سے سورج عین افق میں غروب ہوتا دیکھنا ہے، جبکہ مطلع صاف ہو۔ یا پھر سب سے آخری کلینڈر پر عمل کرنا ہے۔ اس طرح تین چار منٹ کی تاخیر سے اول وقت افطار گزر نہیں جائے گا۔ تاخیر (جو مکروہ ہے) سے مراد ستارے نظر آنے کا انتظار ہے جو یہودی کرتے ہیں نہ کہ غروب کے یقین کا انتظار۔ افسوس! کہ آج کل تو مقابلے میں اذانیں کہی جاتی ہیں کہ جلدی اذان کہو، کہیں فلاں مسجد کی اذان ہم سے پہلے یا ہمارے برابر نہ ہو جائے۔ اس طرح لوگوں کے روزے خراب کیے جاتے ہیں۔ جو یقینا گناہ ہے اور جلدی کے شوق میں کیا جاتا ہے۔ واللہ المستعان
سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ 2160