🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ حافظ محمد امین حفظہ اللہ
اردو حاشہ: (1) لفظ طعام سے مراد گندم بھی ہو سکتی ہے کیونکہ باقی چیزوں کا الگ بیان ہے مگر...
اردو حاشہ:
(1) لفظ طعام سے مراد گندم بھی ہو سکتی ہے کیونکہ باقی چیزوں کا الگ بیان ہے مگر لغت کے لحاظ سے ہر مطعوم (خوراک والی چیز) کو طعام کہا جا سکتا ہے۔ اور اس میں گندم بھی داخل ہوگی۔ سیدنا ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ گندم میں ایک صاع ہی کے قائل تھے، نیز حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ کی رائے کہ آدھا صاع گندم بھی دی جا سکتی ہے، وہ سخت مخالف تھے مگر یہ صرف سیدنا معاویہ ہی کی رائے نہ تھی بلکہ بعض دیگر صحابہ کرام رضی اللہ عنہم بھی اس رائے کے حامل تھے، جیسے سیدنا جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہ وغیرہ۔ دیکھیے (سنن الدارقطني: 2/ 346، والروضة الندیة مع التعلیقات الرضیة: 1/ 549) مزید برآں یہ کہ یہ صرف صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی رائے یا ان کا اجتہاد ہی نہ تھا بلکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے اس بارے میں مروی حدیث بھی ہے جیسا کہ حدیث: 2510 کے فوائد میں گزرا۔ ممکن ہے حضرت ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ کو وہ حدیث معلوم نہ ہو، اور یہ بعید از قیاس بھی نہیں۔ جس سے ان کے موقف میں مزید سختی پیدا ہوگئی۔ واللہ أعلم
(2) کشمش انگور سے تیار ہوتی ہے۔ چونکہ انگور زیادہ دیر تک رکھا نہیں جا سکتا، لہٰذا صدقۃ الفطر میں انگور دینا درست نہیں بلکہ اسے خشک کر کے کشمش کی صورت میں دیا جائے۔
سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ 2514