🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ عمر فاروق سعیدی حفظہ اللہ
فوائد و مسائل : ➊ خلاصہ یہ ہے کہ حدیث ’’وضو اسی پر ہے جو لیٹ کر سوئے۔“ سنداً...
فوائد و مسائل:
➊ خلاصہ یہ ہے کہ حدیث ”وضو اسی پر ہے جو لیٹ کر سوئے۔“ سنداً ضعیف ہے، مگر معنیً و حکماً صحیح ہے۔
➋ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خصوصیت تھی کہ نیند میں آپ کا دل بیدار رہتا تھا، لہٰذا اگر آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا وضو ٹوٹتا تو آپ کو علم ہو جاتا۔
➌ قتادہ نے جناب ابوالعالیہ سے جو چار حدیثیں سنی ہیں ان کا خلاصہ درج ذیل ہے:
(اول) کسی بندے کو لائق نہیں کہ کہے کہ میں (یعنی محمد صلی اللہ علیہ وسلم ) حضرت یونس بن متی سے افضل ہوں۔ [سنن ابي داود‘حديث: 4669]
(دوم) حدیث ابن عمر، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے منع فرمایا ہے کہ نماز فجر کے بعد کوئی نماز نہ پڑھی جائے حتیٰ کہ سورج طلوع ہو جائے اور ایسے ہی عصر کے بعد حتیٰ کہ سورج غروب ہو جائے۔ [صحيح بخاري‘حديث: 585]
(سوم) قاضی تین طرح کے ہوتے ہیں، ایک جنت میں اور دو جہنم میں جائیں گے۔ جنتی وہ ہے جس نے حق کو جانا اور اس کے مطابق فیصلہ کیا۔ دوسرا وہ ہے جس نے حق کو جانا مگر فیصلے میں ظلم کیا۔ یہ جہنمی ہے اور تیسرا وہ جو بربنائے جہالت فیصلے کرتا ہے، یہ بھی جہنمی ہے۔ [سنن ابي داود‘ حديث: 3573]
(چہارم) حدیث ابن عباس، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے نماز فجر کے بعد نماز سے منع فرمایا ہے حتیٰ کہ سورج طلوع ہو جائے اور عصر کے بعد بھی حتیٰ کہ سور ج غروب ہو جائے۔ [صحيح بخاري حديث: 581]
ان چاروں حدیثوں میں اس باب کی مذکورہ حدیث نہیں ہے، لہٰذا اس کا سماع محل نظر ہے۔
سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی 202