🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ حافظ محمد امین حفظہ اللہ
اردو حاشہ: (1) رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم مدینے سے ہفتے کے دن نکلے جبکہ ماہ ذوالقعدہ کے پانچ...
اردو حاشہ:
(1) رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم مدینے سے ہفتے کے دن نکلے جبکہ ماہ ذوالقعدہ کے پانچ دن باقی تھے اور آپ نے وقوف عرفہ جمعے کے دن فرمایا۔ مختلف تاریخوں کا ذکر ہے لیکن یہی قول اقرب الی الصواب ہے۔ واللہ أعلم
(2) ”حج کی نیت رکھتے تھے۔“ اکثر صحابہ کی نیت یہی تھی مگر بعض صحابہ حتیٰ کہ خود حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا بھی عمرے کا احرام باندھے ہوئے تھیں۔
(3) ”احرام ختم کر دیں۔“ یعنی عمرہ کر کے حلال ہو جائیں، خواہ احرام حج ہی کا ہو۔ اس بات میں اختلاف ہے کہ کیا اب بھی ایسے جائز ہے کہ حج کے احرام کو عمرے کے احرام میں بدل دیں؟ بظاہر یہ اب بھی جائز ہے جیسا کہ مذکورہ حدیث سے اخذ ہوتا ہے۔ اس موقف کی مزید تائید اس سے بھی ہوتی ہے کہ اس موقع پر بعض صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے دریافت کیا کہ آیا یہ اس سال کے ساتھ ہی خاص ہے یا یہ اجازت ہمیشہ کے لیے ہے؟ تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس کے جواب میں اسے قیامت تک کے لیے جائز قرار دیتے ہوئے فرمایا: [دَخَلَتِ الْعُمْرَةُ فِی الْحَجِ ّ اِلَی یَوْمِ الْقِیَامَةِ، لَا بَلْ لِأَبَدٍ اَبَدٍ، لَابَلْ لِأَبَدٍ اَبَدٍ]  ”تا قیامت عمرہ حج میں داخل ہوگیا، نہیں بلکہ یہ ہمیشہ ہمیشہ کے لیے، نہیں بلکہ یہ اجازت ہمیشہ ہمیش کے لیے ہے۔“ مزید تفصیل کے لیے دیکھیے: (حجة النبي للألباني، ص: 15) لیکن جمہور اہل علم اب اس کے جواز کے قائل نہیں۔ ان کے بقول یہ حکم صرف اس سال کے لیے تھا کیونکہ حج کے دنوں میں عمرہ کرنے کی اجازت تازہ تازہ ملی تھی۔ پہلے لوگ حج کے دنوں میں عمرہ کرنا گناہ سمجھتے تھے، اس لیے وضاحت کے لیے آپ نے یہ حکم دیا۔ لیکن صریح حدیث کی روشنی میں یہ توجیہ محل نظر ہے۔
(4) ”جب بیت اللہ کا طواف کر چکیں۔“ یعنی مکمل عمرہ کر لیں۔ طواف کے بعد سعی بھی کر چکیں۔ یہ مسئلہ متفقہ ہے۔
سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ 2651