🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

مولانا داود راز رحمہ اللہ
تشریح : یہاں بھی حضرت امام المحدثین رحمہ اللہ نے مرجیہ اور ان کے کلی و جزوی ہم نواؤں...
تشریح:
یہاں بھی حضرت امام المحدثین رحمہ اللہ نے مرجیہ اور ان کے کلی و جزوی ہم نواؤں کے عقائد فاسدہ پر ایک کاری ضرب لگائی ہے اور ایمان کی کمی و زیادتی اور ایمان پر اعمال کے اثر انداز ہونے کے سلسلے میں استدلال کیا ہے اور بتلایا ہے کہ ایمان کی حلاوت کے لیے اللہ و رسول کی حقیقی محبت، اللہ والوں کی محبت اور ایمان میں استقامت لازم ہے۔

علامہ ابن حجر رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
«وفي قوله حلاوة الايمان استعارة تخييلية شبه رغبة المومن فى الايمان بشئي حلو واثبت له لازم ذلك الشي واضافه اليه وفيه تلميح الي قصة المريض والصحيح لان المريض الصفراوي يجد طعم العسل مرا والصحيح يذوق حلاوته على ماهي عليه و كلما نقصت الصحة شيئا مانقص ذوقه بقدر ذلك هذه الاستعارة من اوضح مايقوي استدلال المصنف على الزيادة والنقص۔»
یعنی ایمان کے لیے لفظ حلاوت بطور استعارہ استعمال فرماکر مومن کی ایمانی رغبت کو میٹھی چیز کے ساتھ تشبیہ دی گئی ہے اور اس کے لازمہ کو ثابت کیا گیا ہے اور اسے اس کی طرف منسوب کیا اس میں مریض اور تندرست کی تشبیہ پر بھی اشارہ کیا گیا ہے کہ صفر اوی مریض شہد کو بھی چکھے گا تو اسے کڑوا بتلائے گا اور تندرست اس کی مٹھاس کی لذت حاصل کرے گا۔ گویا جس طرح صحت خراب ہونے سے شہد کا مزہ خراب معلوم ہونے لگتا ہے۔ اسی طرح معاصی کا صفرا جس کے مزاج پر غالب ہے، اسے ایمان کی حلاوت نصیب نہ ہو گی۔ ایمان کی کمی و زیادتی کو ثابت کرنے کے لیے مصنف کا یہ نہایت واضح اور قوی تراستدلال ہے۔

حدیث مذکورمیں حلاوت ایمان کے لیے تین خصلتیں پیش کی گئی ہیں۔ شیخ محی الدین رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ یہ حدیث دین کی ایک اصل عظیم ہے۔ اس میں پہلی چیز اللہ اور اس کے رسول کی محبت کو قرار دیا گیا ہے جس سے ایمانی محبت مراد ہے۔ اللہ کی محبت کا مطلب یہ کہ توحید الوہیت میں اسے «وحده لاشريك له» یقین کر کے عبادت کی جملہ اقسام صرف اس اکیلے کے لیے عمل میں لائی جائیں اور کسی بھی نبی، ولی، فرشتے، جن، بھوت، دیوی، دیوتا، انسان وغیرہ وغیرہ کو اس کی عبادت کے کاموں میں شریک نہ کیاجائے۔ کیونکہ کلمہ «لا اله الا الله» کا یہی تقاضا ہے۔ جس کے متعلق حضرت علامہ نواب صدیق حسن خان صاحب رحمۃ اللہ علیہ اپنی کتاب ”الدین الخالص“ میں فرماتے ہیں: «وفي هذه الكلمة نفي واثبات، نفي الالوهية عما سوي الله تعالىٰ من المرسلين حتيٰ محمدصلى الله عليه وسلم والملئكة حتي جبرئيل عليه السلام فضلا عن غيرهم من الاولياءوالصالحين واثباتها له وحده لاحق فى ذالك لاحد من المقريبن اذا فهمت ذلك فتامل هذه الالوهية التى اثبتها كلها لنفسه المقدسة ونفي عن محمدوجبرئيل وغيرهما عليهم السلام ان يكون لهم مثقال حبة خردل منها» [الدين الخاص،ج1 ص: 182]

یعنی اس کلمہ طیبہ میں نفی اور اثبات ہے۔ اللہ پاک کی ذات مقدس کے سوا ہر چیز کے لیے الوہیت کی نفی ہے۔ حتیٰ کہ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم و حضرت جبرئیل علیہ السلام کے لیے بھی نفی ہے۔ پھر دیگر اولیاء و صلحاءکا تو ذکر ہی کیا ہے۔ الوہیت خالص اللہ پاک کے لیے ثابت ہے اور مقربین میں سے کسی کے لیے اس کا کوئی حصہ نہیں ہے۔ جب تم نے یہ سمجھ لیا تو غور کرو کہ یہ الوہیت وہ ہے جس کو اللہ پاک نے خاص اپنی ہی ذات مقدسہ کے لیے ثابت کیا ہے اور اپنے ہر غیر حتیٰ کہ محمد و جبرئیل علیہما السلام تک سے اس کی نفی کی ہے، ان کے لیے ایک رائی کے دانہ برابر بھی الوہیت کا کوئی حصہ حاصل نہیں۔ پس حقیقی محبت الٰہی کا یہی مقام ہے جو لوگ اللہ کی الوہیت میں اس کی عبادت کے کاموں میں اولیاء صلحاء یا انبیاء و ملائکہ کو شریک کرتے ہیں۔

«ويظنون الله جعل نحوا من الخلق منزلة يرضي ان العامي يلتجئي اليهم ويرجوهم ويخالفهم ويستغيث بهم ويستعين منهم بقضاءحوائجه واسعاف مرامه وانجاح مقامه ويجعلهم وسائط بينه وبين الله تعالىٰ هي الشرك الجلي الذى لايغفرالله تعالىٰ ابدا» [حواله مذكور]
اور گمان کرتے ہیں کہ اللہ نے اپنے خاص بندوں کو ایسا مقام دے رکھا ہے کہ عوام ان کی طرف پناہ ڈھونڈیں، ان سے اپنی مرادیں مانگیں، ان سے استعانت کریں اور قضائے حاجات کے لیے ان کو اللہ کے درمیان وسیلہ ٹھہرا دیں۔ یہ وہ شرک جلی ہے جس کو اللہ پاک ہرگز ہرگز نہیں بخشے گا۔ «ان الله لايغفران يشرك به ويغفرمادون ذلك لمن يشاء» [النساء: 48] یعنی بے شک اللہ شرک کو نہیں بخشے گا اس کے علاوہ جس گناہ کو چاہے بخش دے گا۔

”رسول“ کی محبت سے ان کی اطاعت و فرمانبرداری مراد ہے اس کے بغیر محبت رسول کا دعویٰ غلط ہے۔ نیز محبت رسول کا تقاضا ہے کہ آپ کا ہر فرمان بلند و بالا تسلیم کیا جائے۔ اور ا س کے مقابلہ پر کسی کا کوئی حکم نہ مانا جائے۔ پس جو لوگ صحیح احادیث مرفوعہ کی موجودگی میں اپنے مزعومہ اماموں کے اقوال کو مقدم رکھتے ہیں اور اللہ کے رسول کے فرمان کو ٹھکرا دیتے ہیں ان کے متعلق سید العلامہ حضرت نواب صدیق حسن خاں صاحب رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
«تامل فى مقلدة المذاهب كيف اقروا على انفسهم بتقليدالاموات من العلماءوالاولياءواعترفوا بان فهم الكتاب والسنة كان خاصا لهم واستدلوا لاشراكهم فى الصلحاءبعبارات القوم ومكاشفات الشيوخ فى النوم ورجحوا كلام الامة والائمة على كلام الله تعالىٰ و رسوله على بصيرة منهم وعلي علم فماندري ماعذرهم عن ذلك غدا يوم الحساب والكتاب ومايحميهم من ذلك العذاب والعقاب۔» [الدين الخاص،ج: 1ص: 196] یعنی مذاہب معلومہ کے مقلدین میں غور کرو کہ علماء و اولیاء جو دنیا سے رخصت ہو چکے، ان کی تقلید میں کس طور پر گرفتار ہیں اور کہتے ہیں کہ قرآن و حدیث کا سمجھنا ان ہی اماموں پر ختم ہو چکا، یہ خاص ان ہی کا کام تھا۔ صلحاء کو عبادت الٰہی میں شریک کرنے کے لیے عبارات قوم سے کتربیونت کر کے دلیل پکڑتے ہیں اور شیوخ کے مکاشفات سے جو ان کے خوابوں سے متعلق ہوتے ہیں اور امت اور ائمہ کے کلام کو اللہ و رسول کے کلام پر ترجیح دیتے ہیں۔ حالانکہ وہ جانتے ہیں کہ یہ روش صحیح نہیں ہے۔ ہم نہیں جان سکتے کہ قیامت کے دن اللہ کے سامنے یہ لوگ کیاعذر بیان کریں گے اور اس دن کے عذاب سے ان کو کون چیز نجات دلا سکے گی۔

الغرض اللہ ورسول کی محبت کا تقاضا یہی ہے جو اوپر بیان ہوا ورنہ صادق آئے گا۔
❀ تعصی الرسول و انت تظہر حبہ ٭ ہذا لعمری فی القیاس بدیع
❀ لو کان حبک صادقا لاطعتہ ٭ ان المحب لمن یحب مطیع

اس حدیث نبوی میں دوسری خصلت بھی بہت ہی اہم بیان کی گئی ہے کہ مومن کامل وہ ہے جس کی لوگوں سے محبت خاص اللہ کے لیے ہو اور دشمنی بھی خالص اللہ کے لیے ہو۔ نفسانی اغراض کا شائبہ بھی نہ ہو۔ جیسا کہ حضرت علی مرتضیٰ رضی اللہ عنہ کی بابت مروی ہے کہ ایک کافر نے جس کی چھاتی پر آپ چڑھے ہوئے تھے آپ کے منہ پر تھوک دیا۔ تو آپ فوراً ہٹ کر اس کے قتل سے رک گئے اور یہ فرمایا کہ اب میرا یہ قتل کرنا اللہ کے لیے نہ ہوتا۔ بلکہ اس کے تھوکنے کی وجہ سے یہ اپنے نفس کے لیے ہوتا اور مؤمن صادق کا یہ شیوہ نہیں کہ اپنے نفس کے لیے کسی سے عداوت یا محبت رکھے۔

تیسری خصلت میں اسلام و ایمان پر استقامت مراد ہے۔ حالات کتنے ہی ناسازگار ہوں ایک سچا مومن دولت ایمان کو ہاتھ سے نہیں جانے دیتا۔ بلاشک جس میں یہ تینوں خصلتیں جمع ہوں گی اس نے درحقیقت ایمان کی لذت حاصل کی پھر وہ کسی حال میں بھی ایمان سے محرومی پسند نہ کرے گا اور مرتد ہونے کے لیے کبھی بھی تیار نہ ہو سکے گا۔ خواہ وہ شہید کر دیا جائے، اسلامی تاریخ کی ماضی و حال میں ایسی بہت ہی مثالیں موجود ہیں کہ بہت سے مخلص بندگان مسلمین نے جام شہادت پی لیا مگر ارتداد کے لیے تیار نہ ہوئے۔ اللہ پاک ہر مسلمان مرد و عورت کے اندر ایسی ہی استقامت پیدا فرمائے۔آمین

ابونعیم نے مستخرج میں حسن بن سفیان عن محمد بن المثنیٰ کی روایت سے «ويكره ان يعود فى الكفر» کے آگے «بعد اذا نقذه الله» کے الفاظ زیادہ کئے ہیں۔ خود امام بخاری قدس سرہ نے بھی دوسری سند سے ان لفظوں کا اضافہ نقل فرمایا ہے۔ جیسا کہ آگے آرہا ہے۔ ان لفظوں کا ترجمہ یہ کہ وہ کفر میں واپس جانا مکروہ سمجھے اس کے بعد کہ اللہ پاک نے اسے اس سے نکالا۔ مراد وہ لوگ ہیں جو پہلے کافرتھے بعد میں اللہ نے اس کو ایمان و اسلام نصیب فرمایا۔

علامہ ابن حجر رحمہ اللہ فرماتے ہیں: «هذا الاسناد كله بصريون» یعنی اس سند میں سب کے سب بصری راوی واقع ہوئے ہیں۔

ایک اشکال اور ا س کا جواب:
حدیث مذکورمیں «ان يكون الله ورسوله احب اليه مما سواهما» فرمایا گیا ہے۔ جس میں ضمیر تثنیہ «هما» میں اللہ اور رسول ہر دو کو جمع کر دیا گیا ہے۔ یہ جمع کرنا اس حدیث سے ٹکراتا ہے جس میں ذکر ہے کہ کسی خطیب نے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی موجودگی میں ایک خطبہ بایں الفاظ دیا تھا «من يطع الله ورسوله فقد رشد ومن يعصهما» آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ سن کر اظہار خفگی کے لیے فرمایا: «بئس الخطيب انت» یعنی تم اچھے خطیب نہیں ہو۔ آپ کی یہ خفگی یہاں ضمیر «(هما)» پر تھی جب کہ خطیب نے «”يعصهما“» کہہ دیا تھا۔ اہل علم نے اس اشکال کے کئی جواب دئیے ہیں۔ بعض کہتے ہیں کہ تعلیم اور خطبہ کے مواقع الگ الگ ہیں۔ حدیث ہذا میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے بطور معلم اختصار و جامعیت کے پیش نظر یہاں «”هما“» ضمیر استعمال فرمائی اور خطیب نے خطبہ کے موقع پر جب کہ تفصیل و تطویل کا موقع تھا۔ اختصار کے لیے «”ہما“» ضمیر استعمال کی جو بہتر نہ تھی۔ اس لیے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس پر خفگی فرمائی۔ کچھ اہل علم کہتے ہیں کہ حدیث مذکور میں مقام محبت میں ہر دو کو جمع کیا گیا ہے جو بالکل درست ہے کیونکہ اللہ و رسول کی محبت لازم و ملزوم، ہر دو کی محبت جمع ہو گئی تو نجات ہو گئی اور ایمان کا مدار ہر دو کی محبت پر ہے اور خطیب مذکور نے معصیت کے معاملہ میں دونوں کو جمع کر دیا تھا جس سے وہم پیدا ہو سکتا تھا کہ ہر دو کی معصیت نقصان کا باعث ہے اور اگر کسی نے ایک کی اطاعت کی اور ایک کی نافرمانی تو یہ موجب نقصان نہیں حالانکہ ایسا خیال بالکل غلط ہے۔ اس لیے کہ اللہ کی اطاعت نہ کرنا بھی گمراہی اور رسول کی نافرمانی بھی گمراہی، اس لیے وہاں الگ الگ بیان ضروری تھا، اسی وجہ سے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے تنبیہ فرمائی کہ تم کو خطبہ دینا نہیں آتا۔

امام طحاوی رحمہ اللہ نے مشکل الآثار میں یوں لکھا ہے کہ خطیب مذکور نے لفظ «”ومن یعصہما“» پر سکتہ کر دیا تھا اور ٹھہر کر بعد میں کہا «”فقد غوی“» اس سے ترجمہ یہ ہو گیا تھا کہ جو اللہ اور رسول کی اطاعت کرے تو نیک ہے اور جو نافرمانی کرے وہ بھی، اس طرز ادا سے بڑی بھاری غلطی کا امکان تھا۔ اس لیے آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس خطیب کو تنبیہ فرمائی۔

حافظ ابن حجر رحمہ اللہ فتح الباری میں فرماتے ہیں کہ حدیث مذکورہ میں «”مماسواهما“» کے الفاظ استعمال کئے گئے۔ «”ممن سواهما“» نہیں فرمایا گیا، اس لیے کہ الفاظ سابقہ میں بطور عموم اہل عقل اور غیر اہل عقل یعنی انسان حیوان، جانور، نباتات، جمادات سب داخل ہیں۔ «”ممن سواهما“» کہنے میں خاص اہل عقل مراد ہوتے، اس لیے «”سواهما“» کے الفاظ استعمال کئے گئے اور اس میں اس پر بھی دلیل ہے کہ اس تنبیہ کے استعمال میں کوئی برائی نہیں۔

حدیث مذکورہ میں اس امر پر بھی اشارہ ہے کہ نیکیوں سے آراستہ ہونا اور برائیوں سے دور رہنا تکمیل ایمان کے لیے ضروری ہے۔
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز 16