🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ حافظ محمد امین حفظہ اللہ
اردو حاشہ: (1) ”تین طلاق دے دیں“ ظاہر الفاظ سے معلوم ہوتا ہے کہ تین طلاقیں اکٹھی دی تھیں لیکن...
اردو حاشہ:
(1) ”تین طلاق دے دیں“ ظاہر الفاظ سے معلوم ہوتا ہے کہ تین طلاقیں اکٹھی دی تھیں لیکن حقیقت میں ایسے نہیں، بلکہ تین طلاقیں علیحدہ علیحدہ دی تھیں جیسا کہ روایت میں اس کی وضاحت ہے۔ یہ حدیث پیچھے (3224کے تحت) گزر چکی ہے۔ اس میں یہ الفاظ ہیں کہ انہوں نے جو طلاق باقی رہ گئی تھی وہ دی، یعنی تیسری طلاق، جبکہ اس سے پہلے دو طلاقیں دے چکے تھے۔
(2) پچھلی احادیث میں پیغام پر پیغام سے روکا گیا ہے۔ اس روایت میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے معاویہ اور ابوجہم کے پیغامات نکاح پر اسامہ سے نکاح کا پیغام ارشاد فرمایا۔ دراصل وہ آپ سے مشورہ لینے آتی تھیں۔ آپ مخلصانہ مشورہ ارشاد فرمایا۔ حضرت اسامہؓ سے ان کا نکاح بابرکت ثابت ہوا۔
(3) آپ حضرت فاطمہ بنت قیس کی طبیعت سے واقف تھے کہ یہ کم مال والے کے ساتھ گزارہ نہ کرسکے گی اس لیے آپ نے معاویہ کے ساتھ نکاح سے روک دیا۔ ورنہ نکاح میں مال کی بجائے خلق اور دین دیکھا جاتا ہے۔
(4) ”صاحب شر ہے“ یہاں شر سے مراد شرارتی نہیں بلکہ اس کی وضاحت بعض دوسری روایات میں آتی ہے کہ وہ سخت ہے، مارتا پیٹتا ہے، اس کے ساتھ بھی تیرا گزارہ نہ ہوگا۔
(5) ”اچھی نہ لگی“ کیونکہ حضرت اسامہؓ آزاد کردہ غلام کے بیٹے تھے۔ ان کی والدہ بھی آزاد شدہ لونڈی تھیں۔
سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ 3246