🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

مولانا داود راز رحمہ اللہ
تشریح : ظاہر ہے کہ جس شخص کے دل میں اللہ اور اس کے رسول کی محبت فی الحقیقت...
تشریح:
ظاہر ہے کہ جس شخص کے دل میں اللہ اور اس کے رسول کی محبت فی الحقیقت بیٹھ جائے وہ کفر کو کسی حالت میں برداشت نہیں کرے گا۔ لیکن اس محبت کا اظہار محض اقرار سے نہیں بلکہ اطاعت احکام اور مجاہدہ نفس سے ہوتا ہے اور ایسا ہی آدمی درحقیقت اسلام کی راہ میں مصیبتیں جھیل کر بھی خوش رہ سکتا ہے۔ اس حدیث سے یہ بھی ثابت ہوا کہ جملہ عادات پاکیزہ اور استقامت یہ سب ایمان میں داخل ہیں۔ ابھی پیچھے یہی حدیث ذکر ہو چکی ہے۔ جس میں «بعد اذ انقذه الله» کے لفظ نہیں تھے۔ مزید تفصیل کے لیے پچھلی احادیث کا مطالعہ کیا جائے۔

حضرات نواب صدیق حسن خاں رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں:
«وهذا الحديث بمعني حديث ذاق طعم الايمان من رضي بالله ربا وبالاسلام دينا وبمحمدصلى الله عليه وسلم رسولاوذلك انه لايصح المحبة لله ورسوله حقيقة وحب الادمي فى الله ورسوله وكراهة الرجوع الي الكفر لايكون الالمن قوي الايمان يقينه واطمانت به نفسه وانشرح له صدره وخالط لحمه ودمه وهذا هوالذي وجد حلاوته والحب فى الله من ثمرات حب الله» [سراج الوهاج، ص: 36]
یعنی یہ حدیث دوسری حدیث «ذاق طعم الايمان الخ» ہی کے معنی میں ہے جس میں وارد ہے کہ ایمان کا مزہ اس نے چکھ لیا جو اللہ سے ازروئے رب ہونے کے راضی ہو گیا اور یہ نعمت اسی خوش نصیب انسان کو حاصل ہوتی ہے۔ جس کے ایمان نے اس کے یقین کو طاقتور کر دیا ہو اور اس سے اس کا نفس مطمئن ہو گیا اور اس کا سینہ کھل گیا اور ایمان و یقین اس کے گوشت پوست اور خون میں داخل ہو گیا۔ یہی وہ خوش نصیب ہے جس نے ایمان کی حلاوت پائی اور اللہ کے لیے اس کے نیک بندوں کی محبت اللہ ہی کی محبت کا پھل ہے۔ پھر آگے حضرت نواب صاحب صدیق حسن خاں رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں کہ محبت دلی میلان کا نام ہے۔ کبھی یہ حسین و جمیل صورتوں کی طرف ہوتا ہے، کبھی اچھی آواز یا اچھے کھانے کی طرف، کبھی یہ لذت میلان باطنی معانی سے متعلق ہوتی ہے۔ جیسے صالحین و علماء و اہل فضل سے ان کے مراتب کمال کی بنا پر محبت رکھنا۔ کبھی محبت ایسے لوگوں سے پیدا ہو جاتی ہے جو صاحب احسان ہیں۔ جنہوں نے تکالیف اور مصائب کے وقت مدد کی ہے۔ ایسے لوگوں کی محبت بھی مستحسن ہے اور اس قسم کی جملہ خوبیاں اللہ کے نبی حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات گرامی میں جمع ہیں۔ آپ کا جمال ظاہر و باطن اور آپ کے خصال حمیدہ اور فضائل اور جمیع المسلمین پر آپ کے احسانات ظاہر ہیں۔ اس لیے آپ کی محبت عین تقاضائے ایمان ہے۔

آگے حضرت نواب صدیق حسن خاں رحمۃ اللہ علیہ نے عشق مجازی پر ایک طویل تبصرہ فرماتے ہوئے بتلایا ہے کہ:
«ومن اعظم مكائد الشيطان مافتن به عشاق صور المرد والنسوان وتلك لعمرالله فتنة كبريٰ وبلية عظميٰ الخ۔»
یعنی شیطان کے عظیم تر جالوں میں سے ایک یہ جال ہے جس میں بہت سے عشاق مبتلا رہتے چلے آئے ہیں اور اس وقت بھی موجود ہیں جو لڑکوں اور عورتوں کی صورتوں پر عاشق ہو کر اپنی دنیا و آخرت تباہ کر لیتے ہیں اور قسم اللہ کی یہ بہت ہی بڑا فتنہ اور بہت ہی بڑی مصیبت ہے۔ اللہ ہر مرد مسلمان کو اس سے محفوظ رکھے۔ آمین

حضرت امام المفسرین ناصرالمحدثین نواب صاحب مرحوم دوسری جگہ اپنے مشہور مقالہ تحریم الخمر میں فرماتے ہیں:
”مرض عشق کو شراب و زنا کے ساتھ مثل غنا کے ایک مناسبت خاص ہے۔ یہ مرض شہوت فرج سے پیدا ہوتا ہے۔ جس کسی مزاج پر شہوت غالب آ جاتی ہے تو یہ بیماری اس شہوت پرست کو پکڑ لیتی ہے جب وصال معشوق محال ہوتا ہے یا میسر نہیں آتا تو عشق سے حرکات بےعقلی ظاہر ہونے لگتی ہیں۔ لہٰذا کتب دین میں ”عشق“ کی مذمت آئی ہے اور اس کا انجام شرک ٹھہرایا ہے۔ قرآن و حدیث میں کسی جگہ اس منحوس لفظ کا استعمال نہیں ہوا۔ قصہ زلیخا میں افراط محبت کو بلفظ «شغف حب» تعبیر کیا ہے۔ یہ حرکت زلیخا سے حالت کفر میں صادر ہوئی تھی۔ ہنود میں بھی ظہور عشق عورتوں کی طرف سے ہوتا ہے۔ بخلاف عرب کے کہ وہاں مرد عشاق زن ہوتے ہیں۔ جس طرح کہ قیس لیلیٰ پر فریفتہ تھا۔ اس سے بدتر عشق اہل فرس کا ہے کہ وہ امرد پر شیفتہ ہوتے ہیں۔ یہ ایک قسم لواط اور اغلام کی ہے۔ جس طرح کہ عورت کی طرف سے عشق کا ظہور ایک مقدمہ زنا ہے۔ جو کوئی اس مرض کا مریض ہوتا ہے وہ شرابی زانی ہو جاتا ہے۔ اہل علم نے لکھا ہے کہ عشق بندے کو توحید سے روک کر گرفتار شرک و بت پرستی کر دیتا ہے۔ اس لیے کہ عاشق، معشوق کا بندہ ہو جاتا ہے اس کی رضامندی کو خالق کی رضامندی پر مقدم رکھتا ہے۔ یہی اس کی صنم پرستی ہے۔ کتاب اغاثۃ اللھفان وکتاب الدواءالکافی اور دیگر رسائل میں آفات و مصائب کو تفصیل وار لکھا ہے اللہ تعالیٰ ہر مسلمان کو اس شرک شیرین و کفر نمکین سے بچا کر اپنی محبت بخشے اور مجاز سے حقیقت کی طرف لائے۔ حدیث میں آیا ہے «حبك الشي يعمي ويصم» یعنی کسی چیز کی محبت تجھ کو اندھا بہرا بنا دیتی ہے۔

راقم الحروف کہتا ہے کہ یہی حال مقلدین جامدین کا ہے جن کا طور طریقہ بالکل ان لوگوں کے مطابق ہے۔ جن کا حال اللہ پاک نے یوں بیان فرمایا ہے:
«اتخذوا احبارهم و رهبانهم اربابا من دون الله» [التوبه: 31]
انھوں نے اپنے علماء و مشائخ کو اللہ کے سوا اپنا رب بنا لیا ہے۔ ائمہ مجتہدین کا احترام اپنی جگہ پر ہے مگر ان کے ہر فتویٰ ہر ارشاد کو وحی آسمانی کا درجہ دینا کسی طرح بھی مناسب نہیں کہا جا سکتا۔ اللہ پاک ہر مسلمان کو افراط و تفریط سے بچائے۔ آمین
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز 21