🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ حافظ محمد امین حفظہ اللہ
اردو حاشہ: (1) دوران سفر دیگر ضروریات پوری کی جا سکتی ہیں تو نکاح اور رخصتی بھی ہوسکتے ہیں کیونکہ...
اردو حاشہ:
(1) دوران سفر دیگر ضروریات پوری کی جا سکتی ہیں تو نکاح اور رخصتی بھی ہوسکتے ہیں کیونکہ یہ بھی تو ضروریات سے ہیں‘ خصوصاً اس دور کے سفر جو کئی کئی ہفتے بلکہ مہینے جاری رہتے تھے اور بیوی بچے بھی ساتھ ہی ہوتے تھے۔
(2) ”ران“ سواری پر بیٹھے ہوئے ہوا کی وجہ سے کپڑا ہٹ سکتا ہے‘ لہٰذا ران نظر آسکتی ہے۔ یہ نہیں کہ آپ نے قصداً ران ننگی کی ہوئی تھی۔ یہ بھی کہا جاسکتا ہے کہ دوران سفر میں انسان اپنے بے تکلف ساتھیوں اور خدام کے سامنے ہوا خوری کے لیے ران ننگی کرلیتا ہے۔ مخصوص ساتھیوں کی مجلس میں بھی ایسا ممکن ہے کیونکہ ران شرم گاہ کی طرح تو نہیں‘ البتہ شرم گاہ سے قریب ہونے کی وجہ سے عموماً اسے بھی ڈھانپ کررکھنا چاہیے۔ نماز میں تو ران فرض ستر میں بالاتفاق داخل ہے۔ ران ننگی ہو تو نماز نہ ہوگی۔ ہاں‘ نماز کے علاوہ کسی ضرورت کی بنا پر یا اپنے بے تکلف ساتھیوں میں کبھی کبھار ران ننگی ہوجائے یا کرلی جائے تو کوئی حرج نہیں۔ احادیث میں تطبیق کا یہی طریقہ ہے۔
(3) ”خیبر ویران ہوگیا“ وحی سے فرمایا یا فال کے طور پر۔ بعض اہل علم نے اسے دعا بھی قراردیا ہے کہ خیبر فتح ہوجائے۔
(4) ”شور مچا دیا“ کیونکہ وہ لوگ آپ اور صحابہ کو پہنچانتے تھے۔ اس سے پہلے مدینہ ہی میں رہتے تھے۔
(5) ”صفیہ بنت حی“ بعض اہل علم کا خیال ہے کہ ان کا نام صفیہ نہیں تھا‘ نام تو زینب تھا‘ آپ کے انتخاب فرمانے کی وجہ سے صفیہ (منتخب شدہ) کہا گیا۔ یہ حیی بن اخطب کی بیٹی تھی جو کہ تمام یہود کا سردار تھا اور ایک دوسرے سردار کے نکاح میں تھیں۔ نکاح بھی تازہ ہی ہوا تھا۔ خاوند جنگ میں مارا گیا۔ یہ قیدی ہوگئیں۔ ظاہر ہے‘ ایسے مرتبے کی خاتون کسی عام شخص کے لیے مناسب نہ تھیں۔ ] أَنْزِلُوْا النَّاسَ مَنَازِلَھُمْ [ ”لوگوں سے ان کے مرتبے کے مطابق سلوک کرنا چاہیے۔“ نیز اس سے لوگوں میں اضطراب پیدا ہورہا تھا‘ اس لیے آپ نے انہیں دحیہ سے واپس لے کر اپنے لیے پسند فرما لیا۔ خصوصاً اس لیے بھی کہ وہ حضرت ہارون علیہ السلام  کی نسل سے تھیں۔ نبی کی نسل سے اور نبی کے نکاح میں۔ واہ واہ۔ کیا شان ہے۔ رَضِیَ اللّٰہُ عَنْہُ وَأَرْضَاہُ۔
(6) جو عورت لونڈی بننے سے پہلے کسی کے نکاح میں ہو‘ اس سے فوراً ہم بستری جائز نہیں جب تک اسے ایک ماہواری نہ آجائے تاکہ یقین ہوجائے کہ اسے سابقہ خاوند سے حمل نہیں۔ اگر حمل ہو تو وضع حمل تک ہم بستری جائز نہ ہوگی۔ حضرت صفیہ قید ہونے کے وقت حیض کی حالت میں تھیں۔ دوران سفر حیض ختم ہوگیا اور یقین ہوگیا کہ انہیں حمل نہیں کیونکہ حمل ہو تو حیض نہیں آتا‘ لہٰذا آپ کے لیے ان سے شب بسری جائز ہوگی۔
(7) ”یہ آپ کا ولیمہ ہوگیا“ دوران سفر ایسا ولیمہ ہو ممکن تھا۔
(8) کفار سے لڑائی کرتے وقت نعرۂ تکبیر لگانا مستحب ہے‘ نیز اس موقع پر کثرت ذکر بھی مطلوب ہے جیسا کہ اللہ رب العزت نے قرآن میں اس موقع پر ذکر کرنے کا حکم دیا ہے: ﴿يَا أَيُّهَا الَّذِينَ آمَنُوا إِذَا لَقِيتُمْ فِئَةً فَاثْبُتُوا وَاذْكُرُوا اللَّهَ كَثِيرًا لَعَلَّكُمْ تُفْلِحُونَ﴾ (الأنفال:8:45)
سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ 3382