🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ حافظ محمد امین حفظہ اللہ
اردو حاشہ: (1) اس حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ آپ نے لعان کے بعد ان سے توبہ کا مطالبہ...
اردو حاشہ:
(1) اس حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ آپ نے لعان کے بعد ان سے توبہ کا مطالبہ کیا تھا جیسا کہ امام نسائی رحمہ اللہ نے سمجھا ہے لیکن ایک حدیث میں صراحت ہے کہ آپ نے لعان سے قبل ان سے توبہ کا مطالبہ کیا تھا۔ تو ان میں کوئی تضاد نہیں کیونکہ یہ دو الگ الگ واقعات ہیں جیسا کہ پہلے بھی ذکر ہوچکا ہے: ایک ہلال بن امیہ کا جو عکرمہ ابن عباس رضی اللہ عنہ سے بیان کرتے ہیں۔ اس میں لعان سے قبل توبہ کا ذکر ہے۔ اور دوسرا عویمر عجلانی کا‘ اس میں لعان کے بعد توبہ کا ذکر ہے جیسا کہ اس حدیث میں ہے‘ لہٰذا ثابت ہوا کہ دونو ں طرح صحیح ہے۔ مطالبہ پہلے بھی کیا جاسکتا ہے اور بعد میں بھی۔ حافظ ابن حجر رحمہ اللہ نے فتح الباری میں یہی موقف اپنایا ہے۔ دیکھیے: (فتح الباري:9/458)
(2) ”میرا مال“ اس کا مقصد یہ تھا کہ چونکہ یہ نکاح عورت کے جرم کی وجہ سے ختم ہورہا ہے‘ لہٰذا مجھے مہر واپس ملنا چاہیے۔ آپ کے فرمان کا مطلب یہ ہے کہ تمہارے سچ یا جھوٹ کا یقین نہیں۔ ممکن ہے تو سچا ہو اور ممکن ہے وہ بے گناہ ہو‘ اس لیے مہر واپس نہیں مل سکتا۔ اگر تم سچے بھی ہو تب بھی تم نے اس سے بہت فائدہ اٹھالیا ہے‘ لہٰذا مہر کی واپسی کا مطالبہ تمہیں زیب نہیں دیتا۔
(3) عربی متن میں ”قَاَلَ أَیُّوْبُ“ کا ترجمہ سلاست کے پیش نظر نہیں کیا گیا۔ اس کا مفہوم اس طرح سمجھیے کہ یہ روایت سعید بن جبیر سے ایوب سختیانی اور عمروبن دینار آدمی کا اپنے مال کے بارے میں سوال اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا جواب بھی ِذکر کرتے ہیں۔ ایوب یہ حصہ محفوظ نہ رکھ سکے۔ عمروبن دینار کی موجودگی میں ایوب نے یہ حدیث بیان کی تو اس وقت عمرو نے یہ کہا تھا کہ اس حدیث کی کچھ حصہ آپ بیان نہیں کررہے۔ اور پھر وہ حصہ بیان کیا۔ عمرو کی روایت اگلے باب میں آرہی ہے۔
سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ 3505