🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ حافظ محمد امین حفظہ اللہ
اردو حاشہ: (1) ”نہیں“ صحابہ کرامؓ میں سے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ اس خیال میں متفرد ہیں کہ...
اردو حاشہ:
(1) ”نہیں“ صحابہ کرامؓ میں سے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ اس خیال میں متفرد ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ظہر اور عصر میں مطلقاً قراء ت نہیں کرتے تھے۔ اونچی نہ آہستہ۔ دیگر صحابہ سے صراحت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ظہر وعصر میں بھی آہستہ قراء ت فرماتے تھے‘ لہٰذا اسے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ کی غلط فہمی یا لا علمی پر محمول کیا جائے گا۔ غلطی سے اللہ تعالیٰ ہی پاک ہے۔
(2) ”زخمی ہو“ ناراضی سے فرمایا‘ حالانکہ اس شخص کی بات بجا تھی۔ آپ کے اونچا نہ پڑھنے سے یہ استدلال کیسے کیا جاسکتا ہےکہ آپ بلکل نہیں پڑھتے تھے؟ باقی ساری نماز بھی تو آہستہ ہی پڑھی جاتی ہے۔ تو کیا ساری نماز میں خاموش رہتے تھے؟ اس بات کے تو حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ بھی قائل نہیں تھے۔ درحقیقت یہ ان کی غلطی ہے۔ رَضِيَ اللّٰہُ عَنْهُ وَأَرْضَاہُ۔
(3) ”تین چیزیں“ مگر یہ تین چیزیں بھی اہل بیت سے خاص نہیں۔ وضـو اچھی طرح کرنا سب کے لیے ضروری ہے۔ صدقہ بھی ہر مال دار پر حرام ہے تیسرا کام بھی ہرامتی کے لیے منع ہے‘ البتہ ”معززین“ کے لیے زیادہ سختی ہے۔ وہ اہل بیت ہوں یا اہل علم۔ واللہ أعلم۔
سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ 3611