🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ حافظ محمد امین حفظہ اللہ
اردو حاشہ: (1) باب کے ساتھ حدیث کی مناسبت بالکل واضح ہے کہ سمع وطاعت پر امام کی بیعت مشروع...
اردو حاشہ:
(1) باب کے ساتھ حدیث کی مناسبت بالکل واضح ہے کہ سمع وطاعت پر امام کی بیعت مشروع ہے۔
(2) شرعی امیر کی بات سننا اور اس کی اطاعت کرنا ہر مسلمان پر ہر حالت میں واجب ہے۔ حالت تنگی کی ہو یا آسانی کی‘ خوشی کی ہو یا نا خوشی کی۔ بات پسند ہو یا نا پسند‘ یعنی اختلاف احوال سے وجوب اطاعت پر کوئی فرق نہیں پڑتا۔ بقدر استطاعت ہر حال میں اطاعت کرنی پڑے گی الا یہ کہ کوئی شرعی عذرہو۔
(3) شرعی امیر جب تک خود اطاعت الہٰی پر کار بند رہے گا‘ اس وقت تک اسے معزول کیا جاسکتا ہے نہ اس کی اطاعت ہی سے دست کش ہوا جا سکتا ہے۔ ہاں اگر کسی امیر وامام میں ظاہر کفر دیکھا جائے تو اس کی اطاعت وفرمانبرداری واجب نہیں رہے گی بلکہ اسے معزول کرنے کی اگر طاقت ہوتو اسے معزول بھی کیا جائے گا یا کم از کم اس کی معزولی کی کوشش کی جائے گی۔
(4) حق پر قائم رہنا ‘ نیز حق کا ظہار امربالمعروف اورنہی عن المنکر کے طور پر کرنا‘ ہر شخص کے لیے ہر جگہ ضروری ہے۔ اس میں کسی ملامت گرکی ملامت کی پروا کرنے کی قطعاََ کوئی ضرورت نہیں۔
(5) ”اسانی وتنگی“ امیر کے حکم میں ہم پر تنگی آئے یا آسانی، ہم اس پر خوش ہوں یا نا خوش ہوں، اسے پسند کریں یا نا پسند، اس کی اطاعت کریں گے بشرطیکہ وہ شریعت کے خلاف نہ ہو۔
(6) ”نہیں چھینیں گے“ یعنی کسی ناراضی کی بنا پر یا امیر کی کسی غلطی کی بنا پر اس کے خلاف بغاوت نہیں کریں گے الا یہ کہ اس سے صر یح کفر صادر ہوجائے تو پھر اس کی امارت شرعاََ ختم ہوجائے گی۔ بغاوت نہ کرنے کا حکم ہر امیر کے بارے میں ہے ‘خواہ وہ منتخب ہو یا منتخب امیر کا نامزد کردہ۔
(7) ”نہیں ڈریں گے“ اس کا مطلب یہ ہے کہ کسی کی ملامت اور ناراضی کے ڈر سے حق بات کہنے سے نہیں رکیں گے ورنہ گناہ کے مسئلے میں تو لوگوں کی ملامت سے ڈرنا چاہیے تا کہ انسان گناہوں سے بچ سکے۔
سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ 4154