🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ حافظ محمد امین حفظہ اللہ
اردو حاشہ: (1) جس جانور کا کانا پن واضح ہو، اس کی قربانی جائز نہیں۔ یہی حکم دوسرے عیوب ونقائص...
اردو حاشہ:
(1) جس جانور کا کانا پن واضح ہو، اس کی قربانی جائز نہیں۔ یہی حکم دوسرے عیوب ونقائص یعنی بیمار، لنگڑے اور انتہائی لاغر وکمزور جانور کا ہے کہ اگر ان کے یہ عیوب واضح ہوں تو ان کی قربانی بھی درست نہیں ہوگی۔
(2) اس حدیث مبارکہ سے یہ اہم بات بھی معلوم ہوتی ہے کہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کمال درجے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ادب واحترام کیا کرتے تھے۔ یہی وجہ ہے کہ حضرت براء بن عازب رضی اللہ عنہ نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے فعل کی نقل کرتے ہوئے جب اپنے ہاتھ کی چار انگلیوں سے قربانی کے ممنوعہ جانوروں کی بابت اشارہ کیا تو یہ بھی فرما دیا کہ میرے ہاتھ (اور انگلیوں) کا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے مبارک ہاتھ سے کوئی موازنہ ہی نہیں۔ میرا ہاتھ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ہاتھ مبارک سے، ہر لحاظ سے چھوٹا ہے۔
(3) تقرب الی اللہ کے حصول کے لیے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم تندرست اور فربے جانور اور دوسری قیمتی اور پسندیدہ اشیاء ہی خرچ کرنے کو ترجیح دیا کرتے تھے، خواہ اس کے متعلق حکم شریعت نہ بھی ہو۔
(4) حدیث مذکور اس بات پر بھی دلالت کرتی ہے کہ کسی کی ذاتی پسند اور ناپسند کا دین وشریعت میں کوئی عمل دخل نہیں بلکہ شریعت خالصتاً منصوص (کتاب وسنت) سے ثابت امور کا نام ہے۔ اسی لیے حضرت براء رضی اللہ عنہ نے عبید بن فیروز سے فرمایا کہ تجھے جو جانور ناپسند ہے تو اس کی قربانی نہ کر لیکن کسی اور کو مت روک۔ یہ تیرا نہیں، شریعت مطہرہ کا کام ہے، اس لیے جس عیب کے متعلق شریعت کی نص (اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف سے ممانعت) نہیں، اس عیب کے ہوتے ہوئے بھی جانور کی قربانی جائز ہے۔ اور اس پر امت کا اجماع ہے۔ واللہ أعلم!
(5) ”کسی پر حرام نہ کر“ یعنی کسی کو حرمت کا فتویٰ نہ دے۔ معمولی نقص جو محسوس نہ ہوتا ہو، قابل درگزر ہے، البتہ قربانی کرنے والا اپنی طرف سے بہترین جانور ذبح کرے۔ سینگ اور کان کے بارے میں روایات آگے آرہی ہیں اس لیے بحث بھی وہاں ہوگی۔ إن شاء اللہ
سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ 4374