🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ حافظ محمد امین حفظہ اللہ
اردو حاشہ: (1) اس حدیث سے استدلال کیا گیا ہے کہ جس شخص نے قربانی کا التزام کیا ہو اگر...
اردو حاشہ:
(1) اس حدیث سے استدلال کیا گیا ہے کہ جس شخص نے قربانی کا التزام کیا ہو اگر وہ قربانی اس سے ضائع ہوجائے بایں طور کہ وہ نماز عید سے پہلے قربانی کردے، یا قر بانی کا جانور مرجائے، یا اسی طر ح کا کوئی مسئلہ بن جائے تو اس کے بدلے اس پر دوسری قربانی واجب اور ضروری ہوگی۔ بشرطیکہ وہ قربانی کر نے کی طاقت رکھتا ہو۔ اگروہ شخص دوسری قربانی کی استطا عت ہی نہیں رکھتا تو اس پر قربانی کرنا واجب نہیں ہے کیو نکہ ارشاد باری ہے: ﴿لا يُكَلِّفُ اللَّهُ نَفْسًا إِلا وُسْعَهَا﴾ (البقرۃ:286/2) ”اللہ کسی نفس کو نہیں تکلیف دیتا مگر اس کی وسعت کے مطابق ہی“ اسی طر ح یہ بھی ارشاد ربانی ہے: ﴿فَاتَّقُوا اللَّهَ مَا اسْتَطَعْتُمْ﴾ (التغابن:64/16) ”اللہ تعالیٰ سے ڈر و جتنی طاقت رکھتے ہو۔“ یا د رہے طاقت اور وسعت کے باوجو د اگر کوئی قربانی نہیں کرتا وہ گناہ گار ہے۔
(2) اس حدیث مبارکہ سے یہ اہم مسئلہ بھی ثابت ہوا کہ احکام و مسائل میں مرجع صرف نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات مبارکہ ہے یہ حیثیت آپ ہی کی ہے کہ افراد امت میں سے کسی کو، کسی حکم کے ذریعے سے خاص کر دیں اور دوسرے لو گوں کو روک دیں جیسا کہ آپ نے حضرت براء بن عازب کے ماموں حضرت ابو بردہ بن نیار کے ساتھ کیا۔
(3) اس حدیث مبارکہ سے یہ مسئلہ بھی ثابت ہو تا ہے کہ نماز عید کی ادائیگی سے پہلے قربانی کرنا قطعی طور پر ناجائز ہے، خواہ نیت نیکی اور ثوا ب کمانے ہی کی ہو جیسا کہ حضرت ابو بردہ ؓ کی نیت اپنے اہل و عیال اور محلے دار (غریب) ہمسایوں کو گوشت کھلانے کی تھی۔
(4) حدیث مبارکہ سے یہ بھی معلوم ہو تا ہے کہ امام کو چاہیے خطبہ عید میں قربانی سے متعلق احکام و مسائل بیان کرے۔
(5) یہ حدیث اس بات پر بھی دلالت کرتی ہے کہ شارع ؑ کا ایک شخص کو خطاب تمام لوگوں کے لیے خطاب ہو تا ہے،لہٰذا دیگر لوگ بھی اس حکم کے مکلف اور پابند ہوتے ہیں حضرت ابو بردہ ؓ کو بکری کا بچہ ذبح کرنے کی اجازت دی تو ساتھ ہی یہ بھی بیا ن فرما دیا کہ تیرے بعد اورکسی کے لیے، قربانی میں، اس عمر کا بکری کا بچہ کفایت نہیں کرے گا۔ اگر نبی صلی اللہ علیہ وسلم یہ الفاظ نہ فرماتے تو پھر ہرشخص کے لیے یہ اجازت ہوتی۔
(6) یہ بھی معلوم ہوتا ہے کہ نیک نیتی سے کیا جانے والا صالح عمل بھی اس وقت تک اللہ کے ہاں صحیح اور قابل قبول نہیں ہوسکتا جب تک وہ شریعت مطہرہ کے مطابق سرانجام نہ د یا جائے۔
(7) اس حدیث میں یہ ذکر تو نہیں کہ امام سے پہلے قربانی نہیں کرنی چاہیے لیکن چونکہ اس دور میں نبی صلی اللہ علیہ وسلم نماز عید کے بعد سب لو گوں کے سامنے وہیں قر بانی کردیتے تھے۔ باقی لوگ بعد میں کرتے تھے، لہٰذ ا کہا جا سکتا ہے کہ امام کے بعد قربانی کرنی چاہیے لیکن اگر امام قربانی نہ کرے یا وہ عید گاہ میں خطبہ کے فورا بعد نہ کرے تو لوگوں پر کوئی ایسی پابندی نہیں کہ وہ لازما امام صاحب سے بعد ہی کریں، البتہ نماز عید سے پہلے قطعا نہیں ہونی چاہیے۔ امام مالک رحمہ اللہ تو ایسے امام کی امامت عید ہی درست نہیں سمجھتے جو قربانی نہ کرے، نیز ان کے نزدیک امام کو قربانی عید گاہ میں سب سے پہلے کرنی چاہیے۔ خیر امام مالک رحمہ اللہ کی رائے اور اجتہاد ہے جس سے اتفاق ضروری نہیں۔
(8) ”اچھی قربانی ہوگی“ کیونکہ وہ بروقت ہوئی اور قبول ہوئی، بخلاف پہلی قربانی کے کہ وہ وقت سے پہلے ذبح ہونےکی وجہ سے قبولیت سے محرومی رہی۔
(9) ”کفایت نہیں کرے گا“ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے مذکورہ الفاظ سے معلوم ہوتا ہے کہ آپ کا مقصود یہ تھا کہ تیرے جیسا لا چار شخص بھی مثلا: جو غلطی سے قربانی بے وقت ذبح کر چکا ہو یا اس کی قربانی کا جانور مر گیا ہو، یا گم ہو گیا ہو اور وہ مزید خریدنے کی استطاعت نہ رکھتا ہو، تو بکری کا جذعہ ذبح نہیں کر سکتا۔ یہی وجہ ہے کہ محدثین نے ظاہر کا خیا ل رکھتے ہوئے اب کسی کو بھی، خواہ وہ معذور و مجبور ہی ہو، جذعہ (بکرا) قربان کرنے کی اجازت نہیں دی۔ واللہ أعلم
سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ 4399