🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ حافظ محمد امین حفظہ اللہ
اردو حاشہ: (1) مذکورہ بالا احادیث اس بات پر صریح طور پر دلالت کرتی ہے کہ پہلے قبروں کی زیارت...
اردو حاشہ:
(1) مذکورہ بالا احادیث اس بات پر صریح طور پر دلالت کرتی ہے کہ پہلے قبروں کی زیارت کے لیے جانا ممنوع تھا، بعد ازاں اس کی اجازت دے دی گئی۔ اب عورتیں اور مرد، سب جا سکتے ہیں۔ جن احادیث میں عورتوں پر، قبرستان جانے کی صورت میں، لعنت کی گئی ہے ان کا مفہوم یہ ہے کہ جو عورتیں شرعی تقاضے پامال کریں اور ان کا لحاظ نہ رکھتے ہوئے قبروں کی زیارت کے لیے جائیں، نیز اسی طرح خاوندوں کے حقوق کا خیال کیے بغیر ان کا قبرستان آنا جانا لگا رہے تو وہ لعنت کی حق دار ٹھہریں گی۔ حدیث میں اجازت کے الفاظ اگرچہ مذکر کے صیغے سے مروی ہیں، تاہم عام احکام میں عورتیں بھی مردوں کے تابع ہوتی ہیں جیسا کہ قرآن و حدیث کے دیگر بہت سے احکام میں ایسے ہے۔
(2) یہ حدیث مبارکہ اس اہم مسئلے کی طرف بھی واضح راہنمائی کرتی ہے کہ احکام میں نسخ ہوتا ہے جیسا کہ زیارتِ قبور کی ممانعت کا حکم منسوخ کر دیا گیا اور قبرستان جانے کی رخصت دے دی گئی، اسی طرح پہلے چند مخصوص قسم کے برتنوں میں مشروبات پینے سے روکا گیا تھا، پھر بعد میں اس ممانعت والے حکم کو مکمل طور پر منسوخ کر کے ان برتنوں میں مشروبات پینے کی اجازت دے دی گئی اور وہ اجازت تاحال باقی ہے۔ ہاں، البتہ نشہ آور مشروب، خواہ تھوڑی مقدار میں استعمال کیا جائے یا زیادہ مقدار میں، ہر دو صورت میں اس کا پینا حرام اور ناجائز ہے اور یہ حرمت ہمیشہ ہمیشہ کے لیے ہے۔
سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ 4435