🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ حافظ محمد امین حفظہ اللہ
اردو حاشہ: (1) اس باب سے مًلف رحمہ اللہ کا مقصد یہ مسئلہ بیان کرنا ہے کہ فوراََ کاٹ لینے...
اردو حاشہ:
(1) اس باب سے مًلف رحمہ اللہ کا مقصد یہ مسئلہ بیان کرنا ہے کہ فوراََ کاٹ لینے کی شرط پر، پکنے سے پہلے پھلوں کی خرید صفروخت جائز ہے لیکن اس صورت میں جب اس سے انتفاع ممکن ہو۔ امام شافعی،احمد اور جمہور علماء کا یہی موقف ہے۔ ہمارے ہاں عموما اچار کےلیے آم پکنے سے پہلے کاٹ لیے جاتے ہیں۔
(2) ہمارے ہاں جو یہ رواج ہے کہ لوگ اپنے باغ کا پھل کئی سال کے لیے بیچ دیتے ہیں تو یہ عمل اس حدیث کی رو ناجائز اور حرام ہے۔ جب موجود پھل، جو ابھی تک کھانے کے قابل نہیں ہوا، اس کی خرید و فروخت ممنوع ہے تو آئندہ سال یا کئی سالوں کا ٹھیکہ، جو کہ بالکل معدوم پھلوں کا ہوتا ہے، کیسے جائز ہو سکتا ہے۔ اس ممانعت کی وجہ بالکل واضح ہے کہ اس میں نرا دھوکا ہی دھوکا ہے، نیز یہ مجہول چیز کی بیع ہے جو کہ شرعاََ ناجائز ہے۔ مزید بر آں یہ بھی کہ یہ ایک ایسی چیز کی بیع ہے جو بیچنے والے کے پاس نہیں ہے جبکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے: [لا تبعْ ما ليسَ عندكَ]  ”جو چیز تیرے پاس نہیں وہ مت بیچ۔“(جامع الترمذي، البيوع،باب، ما جاء في كراهية بيع ما ليس عنده حديث:1232وسسن النسائي، البيوع،  باب بيع ما ليس عند البائع، حديث: 4617)
(3) ”سرخ ہو جائیں“ یعنی پھل رنگ بدلنا شروع کر دیں، خواہ وہ سرخ ہونے لگیں یا زرد۔ اس سے معلوم ہوا کہ پکنے سے مراد مکمل پکنا نہیں بلکہ آفت سے محفوظ ہونا ہے ورنہ صرف رنگ بدلنے سے تو پھل مکمل پک نہیں جاتا۔ ہاں، پکنا شروع ہو جاتا ہے۔ گویا پکنے کا آغاز کافی ہے۔
(4) ”کس بنا پر رقم لے گا؟“ گویا اگر اس نے فوراََ پھل کاٹ لینا ہو تو رقم لے سکتا ہے کیونکہ آپ نے پھل پکنے سے رک جانے کی صورت میں رقم لینے سے روکا ہے۔ اگر فورََا کاٹ لیے جائیں تو پکنے کا مسئلہ ہی نہیں بنتا۔ باب پر اسی استدلال ہے اور یہی صحیح ہے۔
سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ 4530