🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ حافظ محمد امین حفظہ اللہ
اردو حاشہ: حدیث:4626 کے فائدے میں اس کے مفہوم کی بابت تفصیلی کلام ہو چکا ہے، تا ہم اس جگہ...
اردو حاشہ:
حدیث:4626 کے فائدے میں اس کے مفہوم کی بابت تفصیلی کلام ہو چکا ہے، تا ہم اس جگہ ایک اہم مسئلے کی طرف اشارہ کرنا مقصود ہے، وہ یہ کہ کسی مجہول یا مبہم مدت کو ادھار کی ادائیگی کی مدت ہرگز نہ ٹھہرایا جائے بلکہ ادھار کی ادائیگی کی مدت کا بالکل واضح تعین ہونا چاہیے۔ اس کے باوجود بھی اگر مقروض شخص وقت مقررہ پر ادائیگی نہ کر سکے تو مزید مہلت مانگ لے۔ اور قرض خواہ کو بھی چاہیے کہ آسانی تک مہلت دے دے کیونکہ یہ بہت افضل عمل ہے۔ اس کی افضیلت کا اندازہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی اس حدیث مبارکہ سے لگائیں جس میں آپ نے فرمایا ہے: ”جو شخص کسی کو قرض دے اسے روزانہ اپنے قرض کے برابر صدقہ کرنے کا اجر و ثواب ملتا ہے۔ اور پھر جو شخص مقررہ وقت پر بھی قرض کی ادائیگی نہ کر سکے اور قرض خواہ مقروض کو مزید مہلت دے دے تو اسے روزانہ اپنے دیے ہوئے قرض کی نسبت دگنا مال صدقہ کرنے کا اجرو ثواب ملتا ہے۔“ دیکھیے: (صحيح الترغيب و الترهيب، الصدقات، باب الترغيب في التيسير على المعسرو إنظاره۔۔۔۔۔۔،حديث:907) لیکن اس صورت میں مقروض کو سہولت سے ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے ادائیگی قرض سے بے فکر بے بیاز نہیں ہونا چاہیے بلکہ اسے جلد از جلد قرض ادا کرنے کی کوشش کرنی چاہیے اور اپنے محسن، یعنی قرض خواہ کے لیے پر خلوص دعائیں کرتے رہنا چاہیے۔
سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ 4628