🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ حافظ محمد امین حفظہ اللہ
اردو حاشہ: (1) یہ حدیث مبارکہ ڈاڑھی اور سر کے سفید بال باقی رکھنے اور ان کو زائل نہ کرنے...
اردو حاشہ:
(1) یہ حدیث مبارکہ ڈاڑھی اور سر کے سفید بال باقی رکھنے اور ان کو زائل نہ کرنے پر دلالت کرتی ہے، اس لیے کہ مومن کے سفید بالوں کی بابت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:  «هوَ نورُ المؤمنِ» ”وہ مومن کا نور ہے۔“ (سنن ابن ماجه، أبواب الأدب، باب نتف الشیب، حدیث:3721) سنن ابوداؤد کی روایت میں یہ وضاحت بھی موجود ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جس مسلمان کے بال حالتِ اسلام میں سفید ہو جائیں قیامت کے دن یہ اس کے لیے نور ہوں گے۔“ مزید برآں آپ نے یہ بھی فرمایا ہے کہ اللہ تعالی اس کے ایک ایک بال کے عوض اس کی نیکی لکھتا ہے اوراس کے عوض اس سے ایک گناہ دور کرتا ہے۔“ (سنن أبي داؤد، الترجل، باب فی تنف الشیب، حدیث:4202)۔
(2) یہاں ایک اشکال وارد ہوتا ہے کہ احادیث میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے سفید بال رنگنے کا حکم بھی دیا ہے۔ دونوں قسم کی ان احادیث میں تطبیق یہ ہوسکتی ہے کہ سفید بالوں کو رنگنے کا حکم صرف یہود و نصاریٰ کی مخالفت کرنے کےلیے دیا گیا ہے کیونکہ یہ اپنے سفید بالوں کو نہیں رنگتے۔ یہ بھی ہوسکتا ہے کہ جب بال حالت اسلام میں سفید ہوجائیں تو پھر رنگنے کے باوجود بھی مومن مذکورہ فضیلت کا مستحق قرار پاتا ہے۔ واللہ أعلم
سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ 5071