🏠 👥 🔍 🧩 🅰️ 📌 ↩️

الشیخ عمر فاروق سعیدی حفظہ اللہ
فوائد ومسائل: 1: اس حدیث کا پس منظر آئندہ حدیث 2294 میں آرہا ہے۔ 2: حضرت مروان بن حکم...
فوائد ومسائل:
1: اس حدیث کا پس منظر آئندہ حدیث 2294 میں آرہا ہے۔

2: حضرت مروان بن حکم کا، جو اس دور میں حاکم مدینہ تھے، حضرت عائشہ رضی اللہ اور ایسے ہی عمربن خطاب رضی اللہ کا موقف یہ تھا کہ مطلقہ کے لئے ایام عدت میں سکنی شوہر کے ذمے ہے (اور بعض لوگ ا ب بھی اسی کے قائل ہیں۔
) ان حضرات کا استدلال سورۃ طلاق کی آیات سے ہے اس میں ہے (لَا تُخْرِجُوهُنَّ مِنْ بُيُوتِهِنَّ وَلَا يَخْرُجْنَ) (الطلاق 1) تم انہیں ان کے گھروں سے مت نکالواور نہ وہ از خود نکلیں۔
ایک اور آیت میں ہے: (أَسْكِنُوهُنَّ مِنْ حَيْثُ سَكَنْتُمْ مِنْ وُجْدِكُمْ) (الطلاق: 2) اپنی حیثیت کے مطابق انہیں سکونت مہیا کرو مگراس مناقشے میں حضرت فاطمہ بنت قیس رضی اللہ کی بات واضح اور راجح ہے کہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم نے تین طلاق والی کے لئے کوئی نفقہ وسکنی نہیں فرمایا اورچونکہ یہ خود صاحب واقعہ ہیں تو انہی کی بات قابل قبول ہو گی۔
قرآن مجید کی مذکورہ آیات کا مفہوم ان عورتوں کے متعلق ہے جنہیں رجعی طلاق ہوئی ہو۔

3: حضرت مروان نے جو یہ کہا کہ: ہم ایک عورت سے یہ حدیث سن رہے ہیں تو یہ جرح قابل سماع نہیں ہے امام ابن قیم ؒ نے زاد المعاد میں اور علامہ شوکانی ؒ نے کیا خوب لکھا ہےکہ یہ جرح یا جماع مسلمین باطل ہے، کیونکہ کسی بھی عالم سے یہ منقول نہیں کہ کوئی حدیث کسی عورت کی روایت ہونے کی بناپر مرد قرار پاتی ہے کتنی ہی مقبول ومعمول سنتیں ہیں جن کی رادی صحابیات ہیں اور وہ ان کی روایت میں اکیلی ہیں علم حدیث سے ادنی واقفیت رکھنے والا یہ انکار نہیں کرسکتا اور مسلمانوں میں سے کسی نے بھی کوئی حدیث محض اس بنا پر رد نہیں کی ممکن ہے اس کا راوی بھول گیا ہو اگر یہ نقد قابل اعتنا سمجھا جائے تو احادیث نبویہ میں سے کوئی حدیث بھی مقبول نہ رہے گی کیو نکہ بھول سکنے سے کون سا انسان مبرا ہے اس طرح تو تما م سنن نبویہ سے معطل قرار دینا پڑے گا اور زیربحث حدیث کی راویہ حضرت فاطمہ بنت قیس رضی اللہ ان جلیل القدر صحابیات میں سے ہیں جہنوں نے ابتدا ہی میں ہجرت کرلی تھی اور وہ اپنے حفظ ودانش میں مشہورتھیں۔
وجال کے متعلق طویل حدیث ان ہی کی روایت کردہ ہے جو انہوں نے رسول صلی اللہ علیہ وسلم سے اثنائے خطبہ میں ایک ہی بار سنی اور یاد کر لی تھی اور کس طرح باور کیا جا سکتا ہے کہ طلاق اور نان ونفقہ اور سکنی جیسا جو ان کی زندگی کا اپنا اہم واقعہ تھا وہ بھول گئی ہوں۔
بھول جانے کا اعتراض خود اعتراض کرنے والے پر وارد کیا جا سکتا ہے۔

4: اور جو بیان کیا جاتا ہے کہ حضرت عمر رضی اللہ نے بیان کیا تھا کہ عورت مطلقہ کے لئے سکنی اور نفقہ ہے یہ حدیث قطعاباطل اور غیر صحیح ہے۔

5: حضرت فاطمہ رضی اللہ پر زبان کی تیز ہونے کا کو عیب لگایا جاتا ہے (جیسے کی اگلے باب میں آرہا ہے) وہ بھی محل نظر ہے ایک طرف تو نبی صلی اللہ علیہ وسلم نفقہ وسکنی کے بارے میں حکم زبانی بتا رہے ہیں مگراسے زبان پر کنٹرول کرنے کی نصیحت نہیں فرماتے جس کا تعلق اس کے اپنے دین واخلاق کے ساتھ ساتھ تکمیل عدت میں بھی معاون ہے۔
ذخیرہ احادیث میں اس قسم کی کوئی بات ثابت نہیں۔

سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعیدی 2290